اقوام متحدہ نے کل سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا

اجلاس میں دو نکاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی جائے گی، پہلی بریفنگ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق دی جائے گی۔ سفارتی ذرائع

لاہور : اقوام متحدہ نے کل سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں دو نکاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی جائے گی، پہلی بریفنگ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام عالم کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ضمیر جاگ گیا ہے، اقوام متحدہ نے کل سلامتی کونسل کا اجلاس بلا لیا ہے، سلامتی کونسل کا اجلاس نیویارک میں ہوگا۔
اجلاس کے دونکاتی ایجنڈے پر بریفنگ کیلئے دو سیشن ہوں گے۔ پہلے سیشن میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پربات چیت ہوگی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگست کے بعد دوسری مرتبہ سلامتی کونسل میں کشمیر کے مسئلے پر بات ہو گی۔اجلاس میں اقوامِ متحدہ کا فوجی مبصرین گروپ ایل او سی کی صورتِ حال پر بریف کرے گا، مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر چین نے سلامتی کونسل کے یہ اجلاس بلانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس اس وقت ہو رہا ہے جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابندیاں 163 ویں روز میں داخل ہو چکی ہیں۔ وادی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں اتوار کو ضلع پلوامہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کوضلع میں ترال کے علاقے گلشن پورہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا ۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوانوں کو فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران مارا گیا۔ پولیس نے کہا کہ شہید ہونے والے نوجوانوں میں سے ایک کی شناخت حماد خان کے طورپر ہوئی ہے۔

تاریخ اشاعت : منگل 14 جنوری 2020

Share On Whatsapp