اسلام آباد نے پی اے ایف ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئنز ٹرافی فار بلائنڈ کا ٹائٹل جیت لیا
اسلام آباد ۔18 اپریل : اسلام آباد نے پی اے ایف ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئنز ٹرافی فار دی بلائنڈ کا ٹائٹل جیت لیا، اسلام آباد بلائنڈ ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں اٹک بلائنڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ بدھ کو پی اے ایف کمپلیکس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے فائنل میں اٹک بلائنڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، احتشام الحق نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 66 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، جواب میں اسلام آباد بلائنڈ نے مطلوبہ ہدف با آسانی 18 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، اکمل حیات نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ ایئر وائس مارشل سلمان احسن بخاری، ڈائریکٹر جنرل سیکیورٹی پاکستان ایئر فورس اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر چھ ٹیموں نے حصہ لیا اور یہ چیمپئن شپ ہر سال پی اے ایف کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جاتی ہے۔
تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018