راشد خان دنیا کے بہترین لیگ سپنر ہیں، ڈین جونز

ممبئی ۔18 اپریل : سابق آسٹریلوی بلے باز ڈین جونز نے افغانستانی کرکٹر راشد خان کو دنیا کا بہترین لیگ سپنر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں طریقوں سے بائولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ راشد خان رواں آئی پی ایل میںسن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں راشدخان کی بائولنگ کا گرویدہ ہو گیا ہوں، ان کی مختلف طرح سے گیند پر گرپ اور دو مختلف طریقوں سے گیند کرانے کی صلاحیت کی وجہ سے وہ دوسرے سپنرز سے الگ ہیں، میں بھارتی سپنر یزویندرا چاہل کا بھی احترام کرتا ہوں لیکن میری نظر میں راشد خان ان سے بہت آگے ہیں اور میں آنے والے وقت میں انہیں سپر سٹار کے طور پر دیکھ رہا ہوں۔

تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018

Share On Whatsapp