اسلام آباد کرکٹ کلب نے پی اے ایف بلائنڈ ٹی20 کرکٹ چیمپیئنز ٹرافی جیت لی
اسلام آباد ۔18 اپریل : اسلام آباد کرکٹ کلب نے اٹک کرکٹ کلب کو ہرا کر پی اے ایف بلائینڈ ٹی 20 کرکٹ چیمپیئنز ٹرافی جیت لی۔ پی اے ایف کمپلیکس کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے فا ئنل کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سکیو رٹی پاکستان ایئر فورس ایئر وائس مارشل سلمان احسن بخاری تھے۔ اسلام آبادکرکٹ کلب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔اٹک کرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اورز میں چاروکٹوں کے نقصان پر174رنز بنائے۔احتشام الحق نے 66 رنز کی شانداراننگز کھیلی۔ جواب میں اسلام آباد نے 18.1 اوورز میں مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر با آسانی پورا کر لیا۔اکمل حیات 65 رنز کے ساتھ سر فہرست رہے۔ پاکستان کے چھ مختلف شہروں کی ٹیموں نے اس ٹو رنا منٹ میں حصہ لیا جن میں سرگو دھا ، شیخو پورہ، کوئٹہ ، حیدرآباد، اٹک اور اسلام آباد شامل تھیں۔ مہمانِ خصوصی نے ٹو رنا منٹ کی فاتح ٹیم اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ یہ ٹورنا منٹ پاک فضائیہ ہر سال باقاعدگی سے منعقد کرتی ہے تاکہ بینائی سے محروم نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے بہترین مواقع فراہم کئے جا سکیں۔
تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018