پی آئی اے کی نجکاری فیصلہ نہیں ہوا،ملازمین کی رائے کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا،وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد ۔18 اپریل : وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ جو اصلاحات پی آئی اے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہوئی ہیں وہ پہلے کبھی نہیں ہوئیں، پی آئی اے کی نجکاری کے حوالہ سے کوئی حتمی فیصلہ حکومت نے نہیں کیا، پی آئی اے کے ملازمین کی رائے کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئر لیگ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اقدار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ووٹ کے احترام کو اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ووٹ کے احترام کا نعرہ اس لئے لگایا ہے تاکہ منتخب وزیراعظم اپنی آئینی مدت پوری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ اداروں کی بہتری اور ترقی کیلئے کام کیا ہے، پی آئی اے کیلئے جو اصلاحات ہمارے دور حکومت میں ہوئی ہیں وہ پہلے کسی دور میں نہیں ہوئی ہیں، پی آئی اے کی نجکاری کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے اور کوئی بھی فیصلہ ملازمین کی رائے کے بغیر ممکن نہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے (سی بی ای) کے صدر عثمان خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پی آئی اے کی بہتری اور ترقی کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں اور جہازوں کی تعداد 16 سے بڑھا کر 42 کی ہے جس سے نہ صرف پی آئی اے کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ خسارہ میں بھی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی اے ایمپلائز کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا سرگرم کردار ادا کرتی رہے گی اور الیکشن میں ہم ملازمین کے تعاون سے پہلے سے زیادہ ووٹ حاصل کریں گے اور ادارہ کو ترقی و بہتری کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018