(ن) لیگ کی جانب سے ملک وقوم کو درپیش اقتصادی چیلنجز پر معاشی کانفرنس کل ہوگی

معاشی کانفرنس میں ملک کی معاشی بدحالی اور تباہی کے اسباب کا جائزہ لیا جائے گا ‘سیکرٹری جنرل (ن) لیگ احسن اقبال

لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک وقوم کو درپیش اقتصادی چیلنجز پر معاشی کانفرنس کل بروز (منگل ) کو کررہے ہیں ،اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس میں ملک کی معاشی بدحالی اور تباہی کے اسباب کا جائزہ لیا جائے گا ،کانفرنس میں سیاسی رہنما، ماہرین معاشیات اور اہل علم ملکی معیشت کی زبوں حالی پر اپنی آراپیش کریں گے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے تیز ابھرتی معیشت کو آئی سی یو میں پہنچادیا، ہنگامی اقدامات نہ ہوئے توخطرات مزید بڑھ جائیں گے۔مہنگائی، بیروزگاری، بجلی گیس واشیائے ضرورت کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے پر حقائق سامنے لائیں گے ۔کانفرنس میں قوم کو بتائیں گے کہ ایک سال میں معیشت کا حلیہ کیسے بگاڑا گیا۔ریکارڈ قرض لے کر بھی عمران نیازی صاحب کا عالمی بھیک مانگنے کا سفر بے شرمی سے جاری ہے۔
انہوںنے کہاکہ قوم سوال پوچھ رہی ہے کہ ایک سال میں ریکارڈ قرض لینے کے باوجود بھی بجٹ بنانے کے لئے کیوں پیسہ موجود نہیں،کانفرنس اس سوال پر قوم کو حقائق سے آگاہ کرے گی کہ موجودہ نالائق حکومت آخر پیسہ کہاں لے کر جارہی ہی ۔ملک کی زراعت، صنعت اور تجارت سمیت تمام شعبے بدترین بحران سے دوچار ہو چکے ہیں۔حکومت سوشل میڈیا کی دنیا میں قلابازیوں سے زندہ ہے ۔کانفرنس میں معاشی محاذ پر چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کی قومی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

تاریخ اشاعت : پیر 16 دسمبر 2019

Share On Whatsapp