سعودی حکومت نے پاکستان کی سیاحت میں اضافے کے لیے اقدامات کی پیشکش کردی

سیاحت کے فروغ سے متعلق سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی، وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کا اعلامیہ جاری

ریاض : سعودی حکومت نے پاکستان کی سیاحت میں اضافے کے لیے اقدامات کی پیشکش کردی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق سیاحت کے فروغ سے متعلق سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مئی 2019ء کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ تھا، مسلسل روابط اس اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت کی عکاسی کرتے ہیں، اعلامیہ دونوں ممالک کی قیادت پاکستان سعودی تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے جی 20 کی صدارت ملنے پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ یہ سعودی قیادت کا عالمی کمیونٹی میں کردار کا عکس ہے، ولی عہد محمد بن سلمان کا رواں سال فروری میں دورہ پاکستان انتہائی اہم رہا جس میں سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا۔وزیراعظم نے کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ میں فعال کردار سمیت حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا، دونوں فریقین نے او آئی سی اور دیگر ذرائع سے کشمیر کاز کو مزید آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم عمران وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کے لیے جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ کیا اور انہیں خصت کرنے ریاض ایئرپورٹ تک آئے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، انہوں نے مسجد نبوی میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور ملک کی بقا و سلامتی کے لیے دعا کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی علی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، پاک عرب تعلقات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔اور آج صبح وزیراعظم عمران خان پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔

تاریخ اشاعت : اتوار 15 دسمبر 2019

Share On Whatsapp