اداکار محسن عباس کی سابق اہلیہ نے بچے کے ماہانہ خرچہ کے حصول کیلئے فیملی کورٹ میں درخواست دائر کر دی

لاہور۔7 دسمبر : اداکار محسن عباس کی سابقہ اہلیہ ماڈل گرل فاطمہ سہیل نے بچے کے ماہانہ خرچہ کے حصول کے لئے سابق شوہر کے خلاف فیملی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ جس میں انہوں نے اپنے سابق شوہر اداکار محسن عباس کو فریق بنایا ہے‘درخواست میں فاطمہ سہیل نے موقف اختیار کیا ہے کہ بچے کا ماہانہ خرچہ اکیلی برداشت نہیں کرسکتی، عدالت سابق شوہر کو ماہانہ خرچہ ادا کرنے کا حکم دے۔
فیملی عدالت کی جج مائرہ حسن نے فاطمہ سہیل کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر محسن عباس سے جواب طلب کرلیا ہے اور انہیں 16 دسمبر کو عدالت میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل اداکار محسن عباس اور فاطمہ سہیل کا 4 برس کا ازدواجی سفر اختتام پذیر ہوا ہے ، انہیں لاہور کی فیملی کورٹ نے فاطمہ سہیل کے دعوے پرخلع کی ڈگری جاری کی تھی ۔فاطمہ سہیل نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ شوہر کے ساتھ گزرا ممکن نہیں ہے، جبکہ محسن عباس نے کہا کہ وہ بھی فاطمہ سہیل کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے ،تاہم ان کے بچے کو ماں اور باپ دونوں کے پیار کی ضرورت ہے لہذا اس بارے میں قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 7 دسمبر 2019

Share On Whatsapp