Australia Defeated Pakistan By Seven Wickets In The Second T20
Steve Smith's Brilliant Innings, Half-centuries Of Babar Azam And Iftikhar Ahmed

دوسرا ٹی ٹونٹی ،آسٹریلیا نے پاکستان کو7 وکٹو ں سے ہرا دیا

سٹیو سمتھ کی شاندار اننگز ،بابر اعظم اور افتخا ر احمد کی نصف سنچریاں رائیگاں

کینبرا : تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ 151رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا ، ڈیوڈ وارنر17رنز بنا کر عامر کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ فنچ20رنز بنا کر عرفان کا شکار بنے ، میک ڈر موٹ21رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بنے ،سٹیو سمتھ نے اپنی چوتھی ٹی ٹونٹی نصف سنچری سکور کی اور ناٹ آﺅٹ 80رنز بنا کر آسٹریلیا کو کامیابی دلا دی،محمدعرفان،عمادوسیم اورمحمد عامرنے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کے سلامی بلے باز فخر زمان ایک مرتبہ بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور وہ محض 2 رنز بنا کر کمنز کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔اس دوران بابر کا ساتھ دینے کے لئے تجربہ کار بلے باز حارث سہیل کریز پر آئے تاہم وہ بھی جلد ہی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے،حارث سہیل کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور 62 کے مجموعی سکور پر 14 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے،نویں اوور کی تیسری بال پر آصف علی آئے اور وہ بھی 5 گیندوں پر 4رنز بناکر گیارہویں اوور کی دوسری بال پر پویلین لوٹ گئے۔
بابر اعظم اپنی12ویں ٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آﺅٹ ہوگئے ،افتخار احمد نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کے ساتھ 34 گیندوں پر 62 رنز بناکر اننگز میں سب سے زیادہ سکور کیا۔ عماد وسیم نے 11 گیندوں پر 11 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے جبکہ افتخار احمد اور وہاب ریاض ناٹ آﺅٹ رہے۔ قومی ٹیم نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر مقررہ اوورز میں 150 رنز بنائے ۔
دوسرے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پہلے ٹی ٹونٹی میچ کی ہی ٹیم کو برقرار رکھا گیا، آسٹریلوی ٹیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی میں اتوار کو کھیلا گیا پہلا ٹی20 میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 15 اوورز میں 107 رنز بنائے اور ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت آسٹریلیا کو فتح کےلئے 119 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔
آسٹریلیا نے کپتان ایرون فنچ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اننگز کا بہترین انداز میں آغاز کیا تھا اور صرف 3.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 41 رنز بنا کر میچ پر گرفت مضبوط کرلی تھی لیکن اس مرحلے پر میچ میں بارش نے دوبارہ مداخلت کردی۔مسلسل بارش کے سبب میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم میں بابر اعظم (کپتان) فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، آصف علی، عماد وسیم، محمد عامر، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، شاداب خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، بین مکڈرمیٹ، ایشٹن ٹرنر، ایلکس کیری، ایشٹن ایگر، پیٹ کمنز، مچل سٹارک، کین رچرڈسن اور ایڈم زامپا شامل ہیں۔ 

تاریخ اشاعت : منگل 5 نومبر 2019

Share On Whatsapp