انسداد پولیومہم شروع، 8 لاکھ 96 ہزار 828 بچوںکو قطرے پلائے جائیں گے

ملتان : ڈپٹی کمشنر ملتان عامرخٹک نے بچوں کو ویکسین کے قطرے پلا کر ملتان میں پولیو مہم کا افتتاح کر دیاہے۔یہ مہم 4 نومبر سے 8 نومبر تک ضلع بھر میں جاری رہے گی۔شہباز شریف جنرل ہسپتال میں افتتاح کے موقع پرسی ای او ہیلتھ ڈاکٹر منورعباس ، ایم ایس ڈاکٹر امجد رائو،ڈی ایچ او ڈاکٹر ظفرعباس اورڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر اسد شاہ کے علاوہ ڈبلیو ایچ او، یونیسف اور روٹری کلب کے نمائندے محمدحنیف بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔پولیو ٹیموں کی بھرپورمانیٹرنگ کی جائے گی اور انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جھگیوں میں رہائش پذیر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا کام یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ صحت کے افسران دفاترمیں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں مہم کی مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے علاوہ پوری دنیا میں پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے۔پولیو وائرس کی پاکستان میں موجودگی کا مطلب ہے کہ مہم میں کہیں کوتاہی ضرور ہے۔ عامرخٹک نے کہا کہ مہم کی مانیٹرنگ کے لیے خود فیلڈ کا وزٹ کروں گا اور پولیو مہم پر پیش رفت کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 8 لاکھ 96 ہزار 828 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لیے 2240 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔402 ایریا انچارج اور 134 میڈیکل آفیسرز مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پولیوٹیم گھر نہ پہنچنے کی صورت میں شہری 0619200902 پر شکایت کر سکتے ہیں۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 2 نومبر 2019

Share On Whatsapp