میگا انفراسٹرکچر کی تعمیر کے اربوں روپے کے منصوبے امن وامان کی وجہ سے ممکن ہوئے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کا خواتین کیلئے الگ پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

گلگت : وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں میگا انفراسٹرکچر کی تعمیر کے اربوں روپے کے منصوبے امن وامان کی وجہ سے ممکن ہوئے ہیں، صحت مند معاشرے کیلئے خواتین کو بھی واک اور مثبت سرگرمیوں کیلئے چار دیواری کے اندر سہولیات فراہم کرنا لازمی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت شہر میں خواتین کیلئے الگ پارک بنایا گیا ہے۔
بدھ کو ’’دادی جواری‘‘ فیملی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ چار سال میں گلگت شہر میں دس نئے پارکس تعمیر کئے گئے ہیں جن میں سے حال ہی میں تعمیر کردہ دادی جواری پارک صرف خواتین کیلئے مختص ہے۔ گلگت میں خصوصی سروے کروایا گیا جس میں خواتین میں زہنی دباؤ اور بلڈ پریشر مردوں کی نسبت زیادہ پایا گیا ہے۔ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں میگا انفراسٹرکچر کی تعمیر اور اربوں روپے کے منصوبے امن وامان کی وجہ سے ممکن ہوئے ہیں۔
سابقہ ادوار میں 10 سال میں ایک پرائمری سکول تعمیر نہیں ہوتا تھا لیکن آج اربوں روپے کے منصوبے ایک سال میں مکمل ہورہے ہیں۔ انہون نے کہا کہ دادی جواری فیملی پارک میں خواتین کیلئے لائبریری اور جمنیزیم کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ تمام سٹاف خواتین پرمشتمل ہوگا۔ ہم ترقیاتی منصوبوں پر سیاست نہیں کرتے، ہم سب نے اس ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
ہم نے سماجی رویوں کو بدلنے کیلئے کام کیا ہے۔ زر اور زمین پر سیاست کرنے والوں کی وجہ سے ایل پی جی ایئرمکس منصوبہ جیسا اہم منصوبہ التوا کا شکار ہوا۔ بہت جلد ایل پی جی ایئرمکس منصوبے پر عملی کام کا آغاز ہوگا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ خواتین، خصوصی افراد اور بزرگوں کیلئے منی میٹرو منصوبے کی منظوری دی گئی ہے 19 مارچ سے قبل گلگت میں اربن ٹرانسپورٹ کا آغاز ہوگا۔

تاریخ اشاعت : بدھ 23 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp