اپنی ہی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر اداکارہ کے خلاف جرمانہ کامقدمہ دائر

جینیفر لوپیزنے اپنے منگیتر ایلکس روڈرگیوز کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی

لاہور ۔ :   سننے میں تو عجیب لگتا ہے کہ بھلا اپنی ہی تصویر بندہ سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کر سکتا مگر حقیقت یہ ہے کہ کاپی رائٹ تو کاپی رائٹ ہوتا ہے۔تصویر چاہے آپ کی ہو لیکن اگر اس کے رائٹ کسی ایجنسی کے پاس ہیں تو آپ اسے کریڈٹ دیے بغیر یہ تصویر استعمال نہیں کر کستے اور ایسی ہی غلطی اداکارہ جینیفر لوپیز سے ہوئی جس کے نتیجے میں فوٹو بنانے والی کمپنی نے اس پر جرمانہ کا کیس دائر کر دیا ہے۔
جینیفر لوپیز پر امریکی نیوز اینڈ فوٹوگراف ایجنسی ’اسپلاش‘ نے اجازت کے بغیر اپنی اور اپنے منگیتر کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرنے کا مقدمہ دائر کردیا۔ایجنسی کی جانب سے مقامی عدالت میں گلوکارہ کے خلاف کاپی رائٹس کے تحت مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ جینیفر لوپیز نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ان کی ایک پرانی تصویر شیئر کی۔
ایجنسی کے مطابق جینیفر لوپیز نے ’اسپلاش‘ کی ملکیت رہنے والی 2017 کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں گلوکارہ کو اپنے منگیتر ایلکس روڈ رگیوز کے ساتھ رومانوی انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔ایجنسی نے جس تصویر کو شیئر کرنے پر گلوکارہ کے خلاف مقدمہ دائر کیا، اسے 2017 میں اس وقت کھینچا گیا تھا جب ان کی منگنی نہیں ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات کی خبریں سامنے آر ہی تھیں۔
تصویر میں دونوں کو رومانوی انداز میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے گھومتے دیکھا جا سکتا ہے۔بعد ازاں جینیفر لوپیز نے ایلکس روڈ رگویز سے منگنی کرلی تھی۔تاہم اداکارہ کی جانب سے تصویر کو نیوز ایجنسی کو کریڈٹ دیے بغیر یا ان سے اجازت لیے بغیر شیئر کرنے پر ان کے خلاف ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر کے جرمانے کا کیس دائر کردیا گیا۔یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی معروف شخصیت پر اپنی ہی تصویر شیئر کرنے پر مقدمہ کیا گیا ہو۔ان سے قبل فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل جی جی حدید پر بھی رواں برس ستمبر میں ایک امریکی فوٹوگرافر نے اپنے سابق بوائے فرینڈ کی تصویر شیئر کرنے پر مقدمہ دائر کردیا تھا۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 11 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp