پی آئی اے، اسلام آباد میں بو ئنگ 777 طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز کر دیا گیا

کراچی۔ : پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی ای) میں اصلاحات کا تسلسل جاری، اسلام آباد میں بو ئنگ 777 طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ جمعرات کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے میں اصلاحات کا تسلسل جاری ہے اور اسلام آباد میں بو ئنگ 777 طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے بوئنگ 777 (AP- BHX) پر چیک 'A' مکمل کر دیا گیا ہے جو مقررہ مدت (75 دن یا 1000 فلائنگ گھنٹی)کے بعد ضروری مینٹینینس کا عمل مکمل ہونے پر قابل پرواز ہو گیا۔
جس کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف کراچی اور لاہور میں دستیاب تھی۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں اس سہولت کے آغاز سے پی آئی اے کی تیکنیکی خود کفالت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف اضافی اخراجات کی بچت ہو گی بلکہ پروازوں کے شیڈول میں آسانی اور مسافروں کو بروقت روانگی کی سہولت بھی حاصل ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انجینئرنگ کی سہولت کا قیام پی آئی اے کے بزنس پلان کا حصہ ہے اس سے اضافی آمدنی کے حصول اورنقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی اس کے علاوہ دوسری ائیر لائنوں کو یہ سہولت فراہم کر نے سے آمدنی میں اضافہ ممکن ہو گا۔ ائیر مارشل ارشد ملک نے ائیر وائس مارشل نور عباس ایڈوائزر سی ای او، چیف ٹیکنیکل آفیسر عامر علی اور انجینئرنگ ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لئے طیاروں کے کیبن کی صفائی کو بھی مقدم رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مختصر وقت میں شعبہ انجینئرنگ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داری اور کام سے لگن ائر لائن کی بحالی کی جانب ایک قدم ہے۔ اس موقع پر انہوں نے انجنیرنگ ٹیم کے لئے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔ یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اگست 2019 میں لاہور میں B777 طیاروں کے چیک A کی سہولت کا آغاز ہو چکا ہے جو پہلے صرف کراچی میں ہوا کرتے تھے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp