فلم’’ دال چاول‘‘ سینما گھروں کی زینت بن گئی

فلم کا پریمئر کراچی میں ہوا جس میں آئی جی سندھ نے بھی شرکت کی

کراچی : پولیس شہدا کی زندگی کے پوشیدہ پہلوؤں، انتھک محنت اور لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بنائی گئی فلم دال چاول سینما گھروں کی زینت بن گئی ہے۔ فلم کا پریمئر کراچی میں ہوا جس میں آئی جی سندھ نے بھی شرکت کی۔نئی پاکستانی فلم دال چاول ملک بھر میں ریلیز ہو چکی ہے۔ یہ فلم پولیس افسران اور اہلکاروں کی زندگیوں اور قربانیوں پر روشنی ڈالتی ہے جو اکثر عوام کی نظروں سے اوجھل رہتی ہیں۔
کراچی کے مقامی سنیما میں فلم کے پریمئرمیں شریک آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کا کہنا تھا کہ یہ فلم پولیس کی قربانیوں کا احاطہ کرتی ہے۔فلم کے پروڈیوسر اور رائٹر خود پنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ کے چیف آپریٹنگ افسر ڈی آئی جی پنجاب پولیس اکبر ناصر خان ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی ایسی کہانیاں لوگوں کو سنانا ضروری ہیں جن سے ان کے ادارے کا مثبت رخ سامنے آ سکے۔
فلم دال چاول جرائم کی روک تھام اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی سچی کہانیوں پر مبنی ہے۔ اس کے کئی سین حقیقی جائے وقوع پر فلمائے گئے ہیں۔اداکار احمد سفیان اور اداکارہ مومنہ اقبال کی یہ ڈیبیو فلم ہے۔ ملک بھر کے سنیما گھروں میں اس کی نمائش جاری ہے۔

تاریخ اشاعت : پیر 7 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp