بریگزٹ میں مزید تاخیر نہیں کروں گا، برطانوی وزیراعظم

لندن : برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکرون پر واضح کیا ہے کہ وہ بریگزٹ میں31 اکتوبر سے زیادہ تاخیر نہیں کریں گے اور ان کی تازہ ترین تجاویز معاہدے تک پہنچنے کا آخری موقع ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ڈاؤننگ سٹریٹ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ برطانوی وزیر اعظم نے فرانسیسی صدر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس میں انہوں نے صدر ماکرون کو آگاہ کیا کہ یورپی یونین کو اس غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہئے کہ برطانیہ 31 اکتوبر کے بعد بھی اس کا حصہ رہے گا۔
برطانوی وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ وہ مزید تاخیر کے لئے کوئی درخواست نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ برطانوی پارلیمنٹ نے گزشتہ ماہ ایک قانون پاس کیا تھا جس میں وزیراعظم کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ یورپی یونین کے اختتامی اجلاس میں کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکامی پر بریگزٹ میں تاخیر کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔

تاریخ اشاعت : پیر 7 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp