PCB Issues Warning To PSL Franchises

پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز میں دوریاں ، نوبت دھمکیوں تک پہنچ گئی

10دن میں بینک گارنٹی جمع نہ کرائی تو ایکشن لینے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا،بورڈ کی ای میل

لاہور : پی سی بی اور فرنچائزز میں دوریاں بڑھنے سے پی ایس ایل کی کشتی طوفانوں میں گھرنے لگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )اور فرنچائزز میں دوریاں بڑھنے سے پی ایس ایل مسائل کا شکار ہے،بورڈ حکام نے کئی بار وعدے کرنے کے باوجود ٹیم اونرز کے تحفظات دور کرنے کی بجائے زیرالتوا رکھنے کا انداز اپنایاجسکی وجہ سے اب لیگ صرف چند ماہ کی دوری پر ہے لیکن لاتعداد مسائل سر اٹھائے کھڑے ہیں۔
تاخیری حربوں اور رابطے کے فقدان کی وجہ سے بورڈ اور فرنچائزز میں دوریاں بڑھ گئیں اور اب ایک دوسرے پر عدم اعتماد کی فضا قائم ہو چکی ہے اوربورڈ کی جانب سے مفاہمت کی پالیسی کے بجائے سخت رویہ اپنانے سے معاملات سلجھنے کے بجائے مزید بگڑنے لگے اور نوبت دھمکیوں تک پہنچ گئی ہے۔فرنچائزز کو6ماہ قبل مکمل فیس کے مساوی رقم کی بینک گارنٹی جمع کرانا پڑتی ہے،اس حوالے سے بورڈ کی جانب سے کئی ماہ قبل ہی خطوط بھیجنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا، مگر تاحال کسی ایک فرنچائز نے بھی ایسا نہیں کیا، ان کا جواز ہے کہ اب لیگ کو کئی برس گذر چکے لہذا بداعتمادی کی فضا ختم ہو جانی چاہیے،اگر گارٹنی لینا ضروری ہے تو صرف نئی فرنچائز سے لیں، مگر بعض تلخ تجربات کے باعث بورڈ یہ بات ماننے کو تیار نہیں ہے ، ماضی میں فیس کی عدم ادائیگی پر چند ٹیموں کی بینک گارنٹی کیش بھی کرائی جا چکی ہے اور ایک فرنچائز کا چیک باﺅنس ہونے پر ایف آئی آر تک کٹوانے کی دھمکی دی گئی تھی، اسی لیے حکام کوئی خطرہ نہیں مول لینا چاہتے۔
بورڈ نے6ماہ سے زائد وقت گذرنے کے باوجود تاحال پی ایس ایل فور کے حسابات کو حتمی شکل نہیں دی،قوانین کے مطابق اب تک ادائیگی ہو جانی چاہیے تھی مگر پی سی بی ایسا نہیں کر سکا، فرنچائز مالکان نے مشترکہ طورپر فیصلہ کیا ہے کہ جب تک انھیں رواں برس منعقدہ ایڈیشن کے حتمی حسابات نہیں دیے جاتے وہ بینک گارنٹی جمع نہیں کرائیں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ کی نئی انتظامیہ پی ایس ایل کے معاملات کو کنٹرول کرنے میں اب تک ناکام ثابت ہوئی ہے۔
چیئرمین احسان مانی نے یہ کام سی ای او وسیم خان کو سونپا تھا، انھوں نے ڈائریکٹر کمرشل بابرحمید کا تقرر کرتے ہوئے ان کو لیگ کے معاملات ٹھیک کرنےکا ٹاسک دیا مگر وہ بھی ناکام رہے ہیں ، مفادات کے عدم ٹکراﺅکی پالیسی بنانے کے بعد اب مصباح الحق کو قومی ٹیم کے ساتھ ایک فرنچائز کیلئے کام کی اجازت پر بھی کئی مالکان ناراض ہیں، ان تنازعات سے لیگ کو ہی سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
کرکٹ بورڈ نے بھی معاملات کو بہتر بنانے کے بجائے سخت رویہ اپنا لیا ہے،چیف فنانشل آفیسر بدر منظور خان کی فرنچائز مالکان کو سخت ای میل سے بھی معاملات کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر معاملات ہنگامی طور پر حل نہ کیے گئے تو حالات مزید سنگین رخ اختیار کر سکتے ہیں۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 20 ستمبر 2019

Share On Whatsapp