10 لنکن کھلاڑیوں کے دورہ پاکستان سے انکار کے باوجود پاک سری لنکا سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی

لاہیرو تھری مانے پاکستان کے دورے میں سری لنکا کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ داسون شناکا لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کریں گے: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا اعلان

لاہور : 10 لنکن کھلاڑیوں کے دورہ پاکستان سے انکار کے باوجود پاک سری لنکا سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی، لاہیرو تھری مانے پاکستان کے دورے میں سری لنکا کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ داسون شناکا لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں کا پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
جن کھلاڑیوں نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کیا ہے کہ ان میں بیشتر سینئر کھلاڑی ہیں۔ سری لنکن ٹیسٹ کپتان دیموتھ کرونا رتنے ، فاسٹ باﺅلر لسیتھ ملنگا ، آل راﺅنڈر انجیلو متھیوز سمیت دیگر 9کھلاڑیوں نے پاکستان کے دورے سے انکار کیا ہے۔ لنکن کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ کھلاڑی کے انکار کے باوجود پاکستان اور سری لنکا سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔
سری لنکا کے ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان لسیتھ ملنگا اور سابق کپتان انجیلو میتھیوز پاکستان نہیں آئیں گے، اس لیے لاہیرو تھری مانے پاکستان کے دورے میں سری لنکا کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ داسون شناکا لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کریں گے۔ اس تمام معاملے پر پی سی بی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تکنیکی طور پر کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان پر قائل کرنا کرکٹ سری لنکا کا اندرونی معاملہ ہے لہٰذا اس معاملے پر آفیشل بیان نہیں دے سکتے۔
دونوں ٹیموں کے مابین باہمی سیریز کا آغاز 25 ستمبر سے ہونا ہے اور سری لنکن کھلاڑیوں کے انکار کے باوجود کراچی اور لاہور میں باہمی میچوں کی میزبانی کیلئے بھرپور انداز میں تیاریاں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے سینئر پلیئرز دیموتھ کرونارتنے ،لاستھ ملنگا اور انجیلو میتھیوز سمیت دیگر کھلاڑیوں نے اہلخانہ کی جانب سے سکیورٹی کو جواز بنا کر پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
سری لنکن بورڈ میں ایک تجویز یہ بھی سامنے آئی ہے کہ اگر سینئر کھلاڑی دورے پر نہیں جاتے ہیں تو انکی جگہ دوسرے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔پی سی بی ذرائع کے مطابق کرکٹ سری لنکا دورے کیلئے جیسی بھی ٹیم منتخب کر کے بھیجے گی اس کو کھلے دل کے ساتھ قبول کیا جائے گا تاہم باہمی سیریز کیلئے زیادہ وقت نہ بچنے پر بورڈ کو فکر لاحق ہوگئی ہے کیونکہ محدو د وقت میں لاجسٹک ، انتظامی اور دیگر معاملات نمٹانے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق سری لنکن بورڈ کی جانب سے سینئر کھلاڑیوں کے انکار سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم دورے کے حوالے سے صورتحال آج واضح ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ تقریباً نو سری لنکن کھلاڑیوں کی جانب سے دورہ پاکستان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے جن میں سے3 پلیئرزنے اپنے بورڈ سے باقاعدہ معذرت کر لی۔ سری لنکن وزیر کھیل ہرین فرنینڈو کرکٹ سری لنکا کے اعلیٰ آفیشلز کے ساتھ آج کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے تاکہ انہیں فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کروا کردورہ پاکستان کیلئے رضامند کیا جا سکے۔

تاریخ اشاعت : پیر 9 ستمبر 2019

Share On Whatsapp