ریاض: سعودی عرب میں 37 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن پکڑے گئے

ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں لاکھوں پاکستانی بھی شامل ہیں

جدہ : سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کے خلاف گھیرا روز بروز تنگ ہوتا جا رہا ہے۔ یہ تارکین کتنے بھی چھْپ کر کیوں نہ بیٹھے ہوں، پولیس کی جانب سے انہیں ڈھونڈ ڈھونڈ کر ان کی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 26صفر 1439ھ سے لیکراب تک مملکت بھر میں مجموعی طورپر 37 لاکھ14 ہزار418 تارکین وطن گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
اس آپریشن میں مملکت کی 19 سے زائد سیکیورٹی ایجنسیاں اور مختلف سرکاری و نجی ادارے حصّہ لے رہے ہیں جن میں سعودی وزارت محنت اور محکمہ جوازات بھی شامل ہیں۔گزشتہ 21 ماہ سے ’غیر قانونی تارکین وطن سے پاک مملکت‘ کے نام سے جاری اس مہم میں اب تک 9 لاکھ 18 ہزار203 افرادکو گرفتار کیے جانے کے بعد ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔اقامہ کی خلاف ورزی کی بناء پر گرفتار کیے گئے افراد کی گنتی 28 لاکھ 99 ہزار 318سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 5 لاکھ 72 ہزار سے زائد افراد قانونِ محنت کی خلاف وزی پر گرفتار کیے گئے۔
جبکہ 62 ہزار825 افراد مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور 4114مملکت سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار ہوئے۔ مملکت میں دراندازی کی کوشش کے دوران گرفتار کیے جانے والوں میں سے 46فیصد یمنی، 51فیصد ایتھوپین اور باقی3 فیصد دیگر ممالک کے تھے۔ جبکہ 4139  کے قریب افراد غیر قانونی تارکین کو پناہ دینے، انہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت دینے اور ملازمتیں فراہم دینے کے الزام میں گرفتار کیے گئے ہیں۔ اس وقت مملکت کے مختلف قید خانوں میں 13 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن رکھے گئے ہیں، جن میں سے مردوں کی گنتی 11 ہزار ہے جبکہ خواتین کی گنتی 2 ہزار نوٹ کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق مملکت میں کسی ایک بھی شخص کو غیر قانونی رہائش اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 24 اگست 2019

Share On Whatsapp