دُبئی میں بغیر اجازت ڈرون اُڑانے پر پابندی لگ گئی

پولیس کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے سے تحریری اجازت لیے بغیر ایسا کرنے پر حوالات کی سیر بھی کرنی پڑ سکتی ہے

دُبئی : دُبئی پولیس کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ ریاست میں بغیر اجازت ڈرون اُڑانا ممنوع ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ ادارے سے پرمٹ حاصل کرنا ہو گا۔ پولیس کی جانب سے ٹویٹر کے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے خبردار کیا گیا ہے کہ جو لوگ متعلقہ اداروں سے ڈرون اُڑانے کے لیے تحریری اجازت لیے بغیر ایسا کر رہے ہیں اُنہیں قانونی کارروائی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
کیونکہ ایسا کرنا اماراتی قانون کی رُو سے منع ہے۔ پولیس کی جانب سے یہ تازہ ترین وارننگ اُس وقت سامنے آئی ہے جب دُبئی کے ایئر پورٹ کے قریب کچھ ڈرون اُڑتے دکھائی دیئے، جس کے بعد سے حکام نے ڈرون کا لائسنس حاصل کرنے، رجسٹریشن اور ٹریننگ کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق اگر کوئی شخص بغیر اجازت ڈرون اُڑائے گا تو اُسے قید کی سزا ہو سکتی ہے یا پھر ایک لاکھ درہم تک کا بھاری جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے۔
پولیس کی طرف سے مزید کہا گیا ہے کہ جو لوگ ڈرون اُڑانے کے شوقین ہیں، پہلے اُنہیں اپنے ڈرون کی رجسٹریشن کروانا ہو گی۔ رجسٹرڈ افراد صرف مخصوص فضائی حدود میں ڈرون اُڑا سکیں گے، جبکہ کوئی بھی ڈرون سطح سمندر سے 400 فٹ اُوپر تک اُڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈرون کو ایئر کرافٹس، ایئر پورٹس اور ہیلی کاپٹر لینڈنگ سائٹس کے قریب اُڑانے کی ممانعت ہے۔
کسی کو بھی ڈرون کسی نجی، سرکاری یا انفرادی ملکیت کے اُوپر اُڑانے کی اجازت نہیں ہے، اور نہ ہی ڈرون کو اس طرح آپریٹ کیا جائے کہ اس سے کسی فرد یا ملکیت کو نقصان پہنچانے کا خدشہ پیدا ہو۔ ڈرون اُڑاتے وقت ہر وقت دھیان اسی کی طرف رکھنا ہو گا، تاکہ کسی حادثے کا خدشہ نہ رہے۔ پولیس نے انتباہ کیا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنے قریب سے ہیلی کاپٹر یا جہاز کی آواز سُنے تو اپنے ڈرون کو فوراً نیچے اُتار لے۔ ڈرون اُڑاتے وقت دوسروں کی نجی زندگی کو متاثر نہ کیا جائے۔ اگر کسی شخص کا ڈرون گُم ہو جائے یا اسے کوئی حادثہ پیش آ جائے تو ایسی صورت میں فوری طور پر 0506414667 یا پھر ای میل [email protected] پر اطلاع دی جائے۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 24 اگست 2019

Share On Whatsapp