Sharjeel Admits Role In Spot-fixing Scandal

شرجیل خان نے سپاٹ فکسنگ جرم کا اعتراف کرلیا

پی سی بی، اپنی ٹیم، شائقین کرکٹ اور اپنے اہلخانہ سے غیرمشروط معافی مانگتا ہوں:اوپنر

لاہور : قومی ٹیم کے اوپنر شرجیل خان نے سپاٹ فکسنگ جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور شرجیل خان کے درمیان ملاقات آج لاہور میں ہوئی جس کے بعد کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اوپنر نے پی سی بی حکام سے ملاقات میں پی ایس ایل 2کے دوران سپاٹ فکسنگ کااعتراف کرلیا ہے ،شرجیل خان کاکہنا تھا کہ وہ پی سی بی، اپنی ٹیم، شائقین کرکٹ اور اپنے اہلخانہ سے غیرمشروط معافی مانگتے ہیں کیوں کہ ان کے ایک غیر ذمہ دارانہ عمل کے باعث انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور یقین دلاتے ہیں کہ مستقبل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔
ڈائریکٹر پی سی بی سکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ آصف محمود کاکہنا تھا کہ شرجیل خان نے آج ملاقات میں اپنے کیے پر شرمندگی اور ندامت کا اظہار کیا، ملاقات میں شرجیل خان کی کرکٹ میں واپسی کا روڈ میپ ترتیب دیا گیا،ری ہیب پروگرام کے مطابق شرجیل خان کو اینٹی کرپشن کوڈ پر لیکچر لینا اور دینا ہوگا،شرجیل خان کو سوشل سروس کے طور پر یتیم خانے کا دورہ کرنا ہوگا،شرجیل خان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کیساتھ ایک نشست رکھنی ہوگی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ وہ تمام کرکٹرز پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر انہیں وقتی فائدہ دے سکتی ہے مگر اس کے نتائج پورے کیرئیر پر اثر انداز ہوتے ہیں ،پی سی بی کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

تاریخ اشاعت : پیر 19 اگست 2019

Share On Whatsapp