Rain Affect National Stadiam

کراچی ،بارش سے نیشنل سٹیڈیم کی نئی چھتیں برباد

سٹیڈیم کی تزئین وآرائش کے منصوبے میں ڈیڑھ ارب روپے سے زائدرقم خرچ ہوچکی

کراچی : شہر قائد میں بارشوں کے جاری سلسلے سے نیشنل سٹیڈیم کی تعمیر نو اور مرمت کی قلعی کھل گئی۔نیشنل سٹیڈیم کی تعمیرات میں مبینہ نااہلی اورغفلت نے کئی سوالیہ نشان کھڑے کردیے، بارش کے سبب نئی چھتیں برباد ہوگئیں اور وی آئی پی باکسزکی چھتیں ٹپکنے لگیں، تعمیرنوکے6 ماہ بعد ہی وی آئی پی باکسز ناکارہ ہوگئے، بیشتروی آئی پی باکسزمیں بارش کا پانی داخل ہوگیا، وی آئی پی باکسزکی فارسیلنگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی جبکہ کئی جگہوں سے چھت ہی اکھڑ گئی ہے،30وی آئی پی باکسز کی پی ایس ایل 4 کے موقع پر تعمیرنوکی گئی تھی۔
واضح رہے کہ نیشنل سٹیڈیم کی تزئین وآرائش کے منصوبے میں ڈیڑھ ارب روپے سے زائدرقم خرچ کی جاچکی ہے جبکہ اس حوالے سے ابھی بہت کام باقی بھی ہے جس میں سیوریج کے نظام کی بہتری سرفہرست ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ باکسز کو اصل شکل میں لانے کے لئے بھاری اخراجات کرنا ہوں گے۔میڈیانے دس دن قبل ہونےوالی بارش کے موقع پر پہلی بار حکام کی توجہ دلائی تھی لیکن پی سی بی حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اور دوسری بارش نے صورتحال مزید خراب کردی۔اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب سمیت کم از کم 9 میچ کراچی میں کرانے کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ تزئین و آرائش کا کام پوری طرح مکمل نہیں ہوسکا ہے۔

تاریخ اشاعت : اتوار 11 اگست 2019

Share On Whatsapp