Babar Becomes Leading Run-scorer In T20 Blast 2019

انگلش ٹی ٹونٹی ،بابر اعظم سب سے زیادہ رنز سکور کرنےوالے بلے باز بن گئے

پاکستانی بلے باز نے اب تک155کے سٹرائیک ریٹ سے 425رنز سکور کیے ہیں

ٹانٹن : پاکستانی بلے باز بابر اعظم انگلش ویٹالٹی ٹی ٹونٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں ۔ 24سالہ بابر اعظم نے یہ اعزاز سمر سیٹ کاﺅنٹی کی جانب سے ہیمپشائر کے خلاف 102رنز کی شاندا ر ناٹ آﺅٹ اننگز کھیل کر حاصل کیا،وہ اب تک ٹورنامنٹ میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بھی سکور کرچکے ہیں ،انہوں نے سسیکس کے خلاف83رنز ، ہیمپشائر کے خلاف 95رنز ناٹ آﺅٹ،ایسیکس کے خلاف56رنز اور گزشتہ روز ایک بار پھر ہیمپشائر کے خلاف اپنے ٹونٹی ٹونٹی کیریئر کی دوسری سنچری سکور کی ۔
اب تک بابر اعظم نے 8میچز میں 70.83کی اوسط سے425رنز سکور کیے ہیں جن میں 43چوکے اور13چھکے شامل ہیں،بابر اعظم کو کئی مرتبہ جارحانہ بلے بازی نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے تاہم ایسا لگتا ہے کہ سمر سیٹ کی جانب سے وہ خوب دھواں دھار بلے بازی کررہے ہیں،انہوں نے اب تک155.10کے سٹرائیک ریٹ سے یہ رنز سکور کیے ہیں جو ایک ایسے بلے باز کی جانب سے حیران کن ہے جسے ٹی ٹونٹی کرکٹ کا سپیشلائزڈ بیٹسمین قرار نہیں دیا جاتا،بابر اعظم اب تک 115ٹونٹی ٹونٹی میچز میں42.60کی اوسط سے3920رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 2سنچریاں اور30نصف سنچریاں شامل ہیں،انہوں نے یہ رنز123.73کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں ۔
اس فہرست میں ڈرہم کاﺅنٹی کے ڈارسی شارٹ 326رنز کے ساتھ دوسرے اوربرمنگھم بیئرز کے سیم ہینز315رنز سکور کرکے تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 10 اگست 2019

Share On Whatsapp