جے ایف 17 تھنڈر کا نیا اور جدید ورژن تیار کر لیا گیا

پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر 2 پائلٹس کی گنجائش والا جے ایف 17 بی ٹوئن سیٹر طیارے کو آپریشنل بھی کر دیا

لاہور : پجے ایف 17 تھنڈر کا نیا اور جدید ورژن تیار کر لیا گیا، پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر 2 پائلٹس کی گنجائش والا جے ایف 17 بی ٹوئن سیٹر طیارے کو آپریشنل بھی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین جے ایف 17 تھنڈر کا نیا، جدید اور چوتھی جنریشن والا ورژن تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر 2 پائلٹس کی گنجائش والا جے ایف 17 بی ٹوئن سیٹر طیارے کو بنانے کے بعد اسے آپریشنل بھی کر دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ چین میں جے ایف 17 بی ٹوئن سیٹر طیارے کی تربیتی پروازیں کی گئی ہیں۔ اس طیارے میں اب 2 پائلٹس کی گنجائش ہے۔ جبکہ اس سے پہلے جے ایف 17 تھنڈر کے ورژن میں صرف ایک پائلٹ کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ بتایا گیا ہے کہ رواں برس 3 جے ایف 17 تھنڈر بلاک 2 طیارے پاک فضائیہ کے فلیٹ میں شامل ہوں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ تربیتی امور کیلئے 2 نشستوں والا جے ایف 17 تھنڈر بی طیارہ بھی فضائی بیڑے میں شامل کیا جارہا ہے۔
جدید ترین آلات اور ریڈار سے لیس یہ لڑاکا جہاز عالمی منڈیوں میں موجود چوتھی جنریشن کے جنگی طیاروں کا ہم پلہ ہے۔ اس طیارے کے مزید ماڈل پاکستان ایروناٹیکل کمپلکس کامرہ میں ہی تیار کیے جائیں۔ دوسری جانب پاکستان نے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے جنگی طیارے جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 کی بھی تیاری رواں سال شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جدید ترین ریڈار سے لیس جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 طیارہ مارچ 2020 تک آپریشنل کر دیا جائے گا۔ پاک فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 کی باقاعدہ تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری کی تیاری اسی سال شروع ہو جائے گی۔جدید ترین ریڈار بنانے والی 2 چینی کمپنیوں میں سے ایک کا انتخاب جلد کرلیا جائے گا۔
امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3، نئے ریڈار کیساتھ مارچ 2020ء تک آپریشنل ہوگا۔ واضح رہے کہ فروری کے ماہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فضائی جھڑپوں کے بعد سے پاکستان اور چین کے تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا تھا۔ جے ایف 17 تھنڈر نے بھارت کے 2 جنگی طیارے مار گرائے تھے، جس کے بعد سے کئی ممالک نے اس طیارے کو خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔


تاریخ اشاعت : جمعرات 18 جولائی 2019

Share On Whatsapp