Saqlain Mushtaq Ready To Serve Pakistan Cricket

ورلڈ کپ ونر ثقلین مشتاق نے پاکستانی ٹیم کےلئے خدمات پیش کردیں

ایشز کے بعد انگلش ٹیم کو خیر آباد کہ دوں گا:سابق قومی آف سپنر

لاہور : سابق پاکستانی آف سپنر ثقلین مشتاق بطور سپن بولنگ کوچ فاتح انگلش ٹیم کا حصہ رہے اور انہوں نے انگلش فتح کو اتحاد کی مرہون منت قرار دیا ہے۔ایک انٹر ویو کے دوران ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ جیتنے پر انگلینڈ میں جشن کا سماں ہے، میچ کے بعد رات گئے تک کھلاڑی لارڈز میں جشن مناتے رہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی لانگ روم میں موجود رہی جہاں انگلش کرکٹرز نے انھیں جوائن کیا، کھلاڑیوں کے والدین، بیگمات اور دیگر فیملی ممبرز بھی جشن میں شریک ہوئے، کوچ نے تقریر کی اور پلیئرزکو عمدہ کارکردگی کا سلسلہ ایشز سیریز میں بھی جاری رکھنے کا کہا، بعض پلیئرز نے گانا تیار کیا جسے سب مل کر گاتے رہے،سب نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے کہا کہ انگلش ٹیم کی خاص بات یہ ہے کہ سب کے مذہبی عقائد کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔ مجھ سمیت معین علی اور عادل رشید کے حوالے سے مکمل احتیاط برتی گئی کہ کوئی ایسا کام نہ ہو جس کی ہمیں ہمارا مذہب اجازت نہیں دیتا، دورانِ میچ ڈریسنگ روم میں پلیئرز انشاءاللہ بھی کہتے رہے اور کپتان این مورگن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ”فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا“۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ انگلش ڈریسنگ روم کا ماحول بہت زبردست اور تمام کھلاڑی ہر وقت ایک دوسرے کی مدد کو تیار رہتے ہیں، میچ ٹائی ہوا تو سب لارڈز کی بالکونی سے نیچے گئے اور میچ کی حکمت عملی پر بات کی، ٹیم یکجا اور سب کا ایک ہی مقصد ٹائٹل جیتنا تھا، یہی وجہ ہے کہ فتح کے بعد وہ کھلاڑی بھی جشن میں پیش پیش رہے جو میچ میں شامل نہیں تھے، ایک دوسرے کی کامیابی سے خوش ہونا ہی چیمپئن ٹیم کی پہچان ہے، کوچ ٹریور بیلس نے سب کا بہت اچھے انداز میں خیال رکھا،انگلینڈ کی فتوحات میں ان کا اہم کردار ہے، وہ ایشز سیریز کے بعد عہدہ چھوڑ دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ میں آسٹریلیا سے میچز کے دوران مزید 55 دن تک انگلش ٹیم کیساتھ رہوں گا، پاکستان کو اگر میری ضرورت ہوئی تو خدمات ہمیشہ حاضر ہیں۔

تاریخ اشاعت : منگل 16 جولائی 2019

Share On Whatsapp