مرد سے شادی کے باوجود اب بھی جنسی طور پر خواتین کی جانب زیادہ مائل ہوتی ہوں،ملی سائرس

شادی کے باوجود ’بیوی‘ لفظ پسند نہیں نہ روایتی اہلیہ بننا چاہتی ہوں،شوہر مشکل حالات میں ساتھ دیتے ہیں ، انٹرویو

نیو یارک : عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ، لکھاری و موسیقار 26 سالہ مائلی سائرس نے دسمبر 2018 میں اپنے مداحوں کو اس وقت حیران کردیا تھا جب انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ہالی ووڈ اداکار لیام ہیمس ورتھ سے خفیہ شادی کو تسلیم کیا تھا۔مائلی سائرس اپنی منفرد اسٹائل پرفارمنس کی وجہ سے دنیا بھر کے کروڑوں نوجوانوں کی پسندیدہ ترین گلوکارہ ہیں، ساتھ ہی وہ خواتین اور خصوصی طور پر نوجوان لڑکیوں کی آئیڈل بھی ہیں۔
مائلی سائرس کو اپنے نیم عریاں فیشن اور پرفارمنس کی وجہ سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، یہی نہیں بلکہ مائلی سائرس کو متنازع جنسی رجحانات کے باعث بھی تنقید برداشت کرنا پڑتی ہے۔ملی سائرس کو اگرچہ جنسی رجحانات کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم انہوں نے کبھی اس معاملے پر کھل کر بات نہیں کی لیکن اب پہلی بار انہوں نے اس حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ وہ جنسی رجحانات کے حوالے سے کافی پیچیدہ ہیں۔
ایک انٹرویو میں 26 سالہ مائلی سائرس نے اعتراف کیا کہ وہ ایسے جنسی رجحانات رکھتی ہیں جن پر لوگوں کو فوری طور پر یقین نہیں ہوتا۔گلوکارہ و موسیقار نے کہا کہ یہ بات کتنی عجیب ہے کہ انہوں نے ایک مرد سے شادی کی ہے تاہم اب بھی وہ جنسی طور پر خواتین کی جانب زیادہ مائل ہوتی ہیں۔انٹرویو کے دوران ملی سائرس نے خود کو مخالف جنس میں دلچسپی رکھنے والی خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم جنس افراد بھی ان کیلئے کشش رکھتے ہیں۔
انہوں نے شادی اور جنسی رجحانات پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس وقت ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں پر لوگ کسی دوسرے کو ان کے ہر طرح کے رویوں اور رجحان کی وجہ سے قبول نہیں کرتے۔انہوں نے اپنے شوہر لیام ہیمس ورتھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے شخص ہیں جو ہر حال میں ان کی مدد کرتے ہیں اور مشکل حالات میں ان کا ساتھ دیتے ہیں۔مائلی سائرس کے مطابق شوہر کے بہترین رویئے اور ساتھ کی وجہ سے وہ عام روایتی بیوی جیسی زندگی نہیں گزار رہی ہیں اور انہیں ویسے بھی ’بیوی‘ لفظ پسند نہیں اور نہ ہی وہ روایتی اہلیہ بننا چاہتی ہیں۔
ملی سائرس نے واضح کیا کہ وہ اگرچہ انہوں نے جنس مخالف سے شادی کی ہے اور وہ اسی رجحان کی جانب ہی راغب ہیں، تاہم اس کے باوجود نہ جانے کیوں وہ خواتین کی طرح پر مائل ہوتی ہیں۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 13 جولائی 2019

Share On Whatsapp