سوزوکی پاکستان نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 65 ہزار روپے تک کی کمی کر دی

سوزوکی راوی، سوزوکی بولان کارگو اور سوزوکی میگا کیری کی قیمتوں میں 25 ہزار روپے سے 65 ہزار روپے تک کی کمی کا نوٹیفیکشن جاری

لاہور :   سوزوکی پاکستان نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 65 ہزار روپے تک کی کمی کر دی، سوزوکی راوی، سوزوکی بولان کارگو اور سوزوکی میگا کیری کی قیمتوں میں 25 ہزار روپے سے 65 ہزار روپے تک کی کمی کا نوٹیفیکشن جاری۔ تفصیلات کے مطابق ایک جانب جہاں پاکستان میں تمام آٹو کمپنیاں گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہیں، وہیں سوزوکی پاکستان نے کچھ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
سوزوکی پاکستان کی جانب سے راویم بولان کارگو اور میگا کیری کے ماڈلز کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ سوزوکی راوی کی قیمت میں 24 ہزار روپے، سوزوگی میگا کیری کی قیمت میں 65 ہزار روپے جبکہ سوزوکی بولان کی قیمت میں 25 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے۔ سوزوکی راوی کی نئی قیمت 9 لاکھ 41 ہزار روپے، سوزوکی بولان کارگو کی نئی قیمت 9 لاکھ 90 ہزار روپے جبکہ سوزوکی میگا کیری کی نئی قیمت 12 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں پاک سوزوکی نے اپنی گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کردیا تھا۔ سوزوکی کمپنی نے ڈالر کی قیمت میں اضافے اور بجٹ میں مزید ایکسائز ڈیوٹی عائد ہونے کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں 40 ہزار روپے سے 3 لاکھ 29 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا تھا۔ رواں سال کے دوران پاک سوزکی کئی بار اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے۔
سوزوکی کمپنی نے کہا ہے کہ اس اضافے کا اطلاق گاڑیوں کے پہلے سے کیے گئے آرڈرز پر نہیں کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سوزوکی کمپنی کی جانب سے کئی بارکہا جا چکا ہے کہ پاکستان میں اسمبل کی جانے والی گاڑیوں کے زیادہ تر پرزے بیرون ملک سے درآمد کیے جاتے ہیں اور جب بھی پاکستانی روپے کی قیمت گرتی ہے تو ان پرزوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔
سوزوکی مہران وی ایکس کی قیمت میں 40 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے اوراس کی قیمت 7 لاکھ 99 ہزار سے بڑھا کر 8 لاکھ 40 ہزار روپے کردی گئی ہے۔سوزوکی راوی کی قیمت میں ایک لاکھ 69 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعداس کی قیمت 7 لاکھ 96 ہزار سے بڑھ کر 9 لاکھ 65 ہزار روپے ہو گئی ہے۔سوزوکی بولان کی قیمت ایک لاکھ 76 ہزار روپے اضافے کے بعد 8 لاکھ 74 ہزارروپے سے بڑھ کر10 لاکھ 50 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
سوزوکی بولان کارگو کی قیمت میں ایک لاکھ 75 ہزار روپے اضافہ ہو گیا ہے اور اب اس کی قیمت 8 لاکھ 40 ہزار روپے سے بڑھ کر 10 لاکھ 15 ہزار روپے ہوگئی ہے۔سوزوکی سوئفٹ این اے وی آئی ایم ٹی گاڑی کی قیمت میں 3 لاکھ 20 ہزار روپے اضافہ ہو گیا ہے اور اب اس کی قیمت 15 لاکھ 85 ہزار روپے سے بڑھ کر 19 لاکھ 5 ہزار روپے ہوگئی ہے۔سوزوکی کلٹس اے جی ایس کی قیمت میں 3 لاکھ 7 ہزار روپے اضافے کے بعد اس کی قیمت 16 لاکھ 68 ہزار روپے سے بڑھ کر 19 لاکھ 75 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
سوزوکی ویگنر آر وی ایکس آر کی قیمت میں 2 لاکھ 76 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے اور اب یہ گاڑی12 لاکھ 64 ہزار روپے کی بجائے 15 لاکھ 40 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔سوزوکی ویگنر آر وی ایکس ایل کی قیمت 2 لاکھ 81 ہزار روپے اضافے سے 13 لاکھ 44 ہزار سے بڑھ 16 لاکھ 25 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ سوزوکی سیاز جی ایل ایم ٹی کی قیمت میں 1 لاکھ 40 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیاہے ۔
جس کے بعد اس کی قیمت 13 لاکھ 44 ہزار روپے سے بڑھ کر 16 لاکھ 25 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ سوزوکی سیاز جی اے اے ٹی گاڑی کی قیمت میں 2 لاکھ روپے اضافہ ہوا ہے اور اب یہ گاڑی23 لاکھ روپے سے بڑھ کر 25 لاکھ کی ہوگئی ہے۔سوزوکی سوئفٹ این اے وی آئی اے ٹی کی قیمت 3 لاکھ 29 ہزار روپے اضافے سے 17 لاکھ 21 ہزار سے بڑھ کر 20 لاکھ 50 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔سوزوکی کلٹس وی ایکس آر کی قیمت 3 لاکھ 5 ہزار روپے اضافے کے بعد 14 لاکھ 40 ہزار روپے سے بڑھ کر 17 لاکھ 45 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
سوزوکی کلٹس وی ایکس ایل کی قیمت میں 3 لاکھ 4 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور اب اس کی قیمت 15 لاکھ 51 ہزار روپے سے بڑھ کر 18 لاکھ 55 ہزار روپے ہوگئی ہے۔دوسری طرف سوزوکی مہران وی ایکس آر کی قیمت میں 43 ہزار روپے اضافے کے بعد اب 8 لاکھ 80 ہزار سے بڑھا کر 9 لاکھ 23 ہزار روپے کر دی گئی۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 12 جولائی 2019

Share On Whatsapp