گورنر سندھ عمران اسماعیل کی شہید عبدالقدوس شیخ کے گھر آمد،, اہل خانہ سے اظہار افسوس اور لواحقین کے لئے صبر جمل کی دعا

کراچی۔ : گورنر سندھ عمران اسماعیل شھید ڈپٹی کلکٹر کسٹم عبدالقدوس شیخ کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا۔ گورنر سندھ نے عبدالقدوس شیخ شھید کے لئے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ڈپٹی کلکٹر عبدالقدوس کی شہادت انتہائی افسوسناک واقعہ تھا، میں یقین دلاتا ہوں کہ شہید کے اہل خانہ کو انصاف دلائیں گے اور ڈپٹی کلکٹر عبدالقدوس کے قاتلوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے وفاقی حکومت جو اقدامات کر رہی ہے اس کے لئے تمام اداروں کا تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار کو فروغ دینا اور غیر قانونی کاروبار کو روکنا چاہتے ہیں تاکہ قانونی کاروبار کو تقویت ملے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ٹریڈرز جو احتجاج کرنا چاہتے ہیں ان سے گزارش ہے کہ ہڑتال پر نہ جائیں معاملات مل بیٹھ کر حل کرلئے جائیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ بارڈر کنٹرول کو مزید مضبوط بنانے اور غیر قانونی اشیاء کی ترسیل کی روک تھام یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی طرز کا سسٹم لگانے پر غور کیا جا رہا ہے جس میں اسکینرز اور جدید قسم کے آلات شامل ہیں۔ اسمگلنگ جیسے گھنائونے کام میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے چاہے اس میں کسی بھی شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا کوئی کتنا ہی بااثر شخص ملوث کیوں نہ ہو ریاست اپنا کام جاری رکھے گی۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 12 جولائی 2019

Share On Whatsapp