سپیشل اولمپکس پاکستان کے زیراہتمام بچوں کا جاری باسکٹ بال ٹریننگ کیمپ اختتام پذیر

ایبٹ آباد : سپیشل اولمپکس پاکستان کے زیراہتمام 12 سال سے کم عمر بچوں کا ایک ماہ سے جاری باسکٹ بال ٹریننگ کیمپ اختتام پذیر ہو گیا۔ کیمپ میں ایبٹ آباد کے 5سپیشل ایجوکیشن مہیا کرنے والے اداروں کے 50 خصوصی اور نارمل بچوں نے حصہ لیا۔ کیمپ کا مقصد 2021ء میں ہونے والے عالمی مقابلوں کے لئے ٹیم کی تیاری ہے۔ ٹی ایم اے دفتر سے متصل سپورٹس جمنازیم میں منعقد ہونے والی اختتامی تقریب میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر فیصل عزیز، تحصیل ناظم اسحاق ذکریا اور تحصیل ممبر حاجی نعیم لودھی نے خصوصی شرکت کی اور شریک کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے۔
اس موقع پر کھلاڑی بچوں کے والدین کی بڑی تعداد اور خصوصی بچوں کو تعلیم و تربیت مہیا کرنے والی5 اداروں کی انتظامیہ بھی موجود تھی۔ جن میں رائز انسٹی ٹیوٹ، کنگسٹن سکول، ایبٹ آباد لائٹ ہائوس، ایف جی سکول اور سیم انسٹی ٹیوٹ شامل ہیں، ان اداروں کے متعدد طلباء ملکی اور بین الاقوامی سطح پر قوم و ملک کا نام روشن کر چکے ہیں۔ قومی سطح پر قائم ینگ اتھلیٹس پروگرام سپیشل اولمپکس پاکستان کے تحت آئندہ عالمی مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کی سلیکشن اور تربیت کا سلسلہ ابھی سے شروع کر دیا گیا ہے جس میں 12 سال سے کم عمر بچوں کو شامل کیا گیا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ خصوصی بچوں کے کھیل میں مخصوص تناسب سے نارمل بچوں سے بھی مدد لی جاتی ہے اور ایبٹ آباد سپورٹس جمنازیم میں حالیہ ٹریننگ ورکشاپ اسی سلسلہ کی ایک کڑی تھی جس میں بچوں کو باسکٹ بال کی بنیادی تربیت دی گئی جبکہ اگلے مرحلہ میں منتخب کھلاڑیوں کو ایڈوانس سطح کی تربیت دی جائے گی جو ایک سال تک جاری رہے گی۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 11 جولائی 2019

Share On Whatsapp