Petition Filed To Ban Pakistan Cricket Team

پاکستانی ٹیم پر پابندی کیلئے عدالت میں پٹیشن دائر

پاکستان کے دیگر میچز منسوخ کرکے اسے فوری واپس بلانے کا حکم دیا جائے:درخواست گزار

گوجرانوالہ : ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم کی پابندی سے متعلق عدالت میں پٹیشن دائر کردی گئی۔گوجرانوالہ میں ایڈووکیٹ منظور قادر بھنڈر نے سینئر سول جج رائے افضال کھرل کی عدالت میں دائر کی، پٹیشن میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور تمام کھلاڑیوں کو فریق بنایا گیا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے باعث قوم کی دل آزاری ہوئی اور ملک کا وقار بھی مجرو ہوا۔
اس میں مزید کہا گیا کہ جہاں عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہوں تو وہاں کرکٹ پر کروڑوں روپے خرچ نہیں کیے جاسکتے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی گئی ورلڈکپ میں پاکستان کے دیگر میچز منسوخ کرکے اسے فوری واپس بلانے کا حکم دیا جائے جبکہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کرکے قومی کرکٹ ٹیم پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔سینئر سول جج رائے افضال کھرل نے پٹیشن سماعت کے لیے سول جج ابرارعلی کو تفویض کردی جنہوں نے پی سی بی حکام کو 20 جون کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
خیال رہے کہ 16 جون کو مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی تھی، جس کے بعد قومی ٹیم کے لیے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنا بھی مشکل ہوگیا، پاکستانی ٹیم کو نہ صرف شکست کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ٹیم کی ناقص فیلڈنگ اور کپتان سرفراز احمد کی جمائیوں نے بھی شائقین کرکٹ کے غصے کو مزید ہوا دی۔

تاریخ اشاعت : منگل 18 جون 2019

Share On Whatsapp