حکومت نے پاکستان کی معاشی خود مختاری کو سرنڈر کیا ہے. احسن اقبال

وزیر اعظم کی طرف سے بنایا جانیوالا کمیشن پاناما جے آئی ٹی کی فوٹو کاپی ہے. سابق وفاقی وزیر

اسلام آباد : مسلم لیگ( ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت نے پاکستان کی معاشی خود مختاری کو سرنڈر کیا ہے، یہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے ہم پر الزام لگاتے ہیں. لاہور میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ پاکستان کا نہیں آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، حکومت کو ٹیکسوں کی وصولی میں ریکارڈ کمی کا سامنا ہے،جبکہ اس کے اخراجات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے.
احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کسی بھی حکومت سے زیادہ قرض حاصل کیے ہیں، یہ پچھلی حکومتوں کو قرضوں کا طعنہ دیتے ہیں، ہم نے قرض لیا توہم نے 12 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی،موٹروے بنائی ضرب عضب لڑی. انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 5کھرب روپے اضافہ کرکے پاکستان میں کونسی اینٹ لگائی ہے، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اس سال ہر شعبے میں منفی گروتھ ہوئی ہے.
احسن اقبال نے کہا کہ اس حکومت کی ناتجربہ کاری کی وجہ سے پاکستان کو شدید معاشی چیلنجز درپیش ہیں، وزیر اعظم کی طرف سے بنایا جانیوالا کمیشن پاناما جے آئی ٹی کی فوٹو کاپی ہے. انہوں نے کہا کہ یہ قرضوں کے بارے میں معلومات لینا چاہتے ہیں تو آئی بی اور آئی ایس آئی کی شمولیت سمجھ میں نہیں آتی، ٹیم میں ماہرین معیشت کو ہونا چاہیے تھا،یہاں تو حکومت خود کنفیوژہے.احسن اقبال نے بتایا کہ عمران خان جس کا حکم دیں پکڑ کراندر کر دیں،اس قسم کی شہنشاہیت پاکستان میں نہیں چل سکتی، وہ جو 10 سالوں کا حساب کرنا چاہتے ہیں پہلے 5سالوں کا حساب اپنے وزیر خزانہ سے لیں. راہنما نون لیگ نے کہا کہ اس کمیشن کے سامنے سب سے پہلی پیشی ان کے وزیر خزانہ کی ہونی چاہیے.                   

تاریخ اشاعت : جمعرات 13 جون 2019

Share On Whatsapp