متحدہ عرب امارات کی قطر کے خلاف سلامتی کونسل میں شکایت

ابوظہبی ۔ : متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قطر کے خلاف سرکاری طور پر شکایت دائر کی ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ قطر نے شہری ہوابازی کے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ امارات کی جانب سے سلامتی کونسل کے سربراہ اور رکن ممالک کو ارسال کیے گئے سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس خط میں کہا گیا ہے کہ رواں سال 15 جنوری اور 26 مارچ کو قطر نے اس وقت شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا تھا جب قطر کے لڑاکا طیارے خطرناک طریقے سے مسافر طیاروں کے نزدیک آ گئے جبکہ یہ طیارے بین الاقوامی طور پر طے شدہ روٹس پر رواں دواں تھے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ قطر کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے اماراتی پرچم کے حامل مسافر طیاروں کی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ متحدہ عرب امارات اس سے قبل شہری ہوا بازی کی بین الاقوامی تنظیم ’’ایکاؤ‘‘ کو سرکاری طور پر ایک تفصیلی شکایت پیش کر چکا ہے جس میں قطری فضائیہ کی جانب سے چار مرتبہ اماراتی طیاروں کے راستے میں آنے کی کوشش پر احتجاج کیا گیا تھا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 5 اپریل 2018

Share On Whatsapp