Kamran Akmal May Never Come Back In National Team

کامران اکمل کے قومی ٹیم کے واپسی کے امکانا ت نہ ہونے کے برابر رہ گئے

لاہور : پی ایس ایل2017ءکے ٹاپ سکورر، گزشتہ ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں سرفہرست بیٹسمین اور پی ایس ایل 2018ءمیں دوسرے ٹاپ سکورر رہنے والے کامران اکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز کی ٹیم میں واپسی کا امکان رد کئے جانے کے بعد اب چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے تازہ بیان میں کامران اکمل کی واپسی کو ”مشکل“ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سرفراز احمد کی موجودگی میں کامران اکمل کی پاکستان ٹیم میں شمولیت مشکل دکھائی دے رہی ہے۔
قومی اخبار سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کامران اکمل نے میرے ساتھ بھی چھ سات سال کرکٹ کھیلی ،انکی ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی پر کسی کو شک نہیں ہے البتہ ہم نے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لئے جو پالیسی بنائی ہے اس کے مطابق اب پیچھے مڑ کر دیکھنا مشکل ہے۔36 سالہ کامران اکمل پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن میں 425 رنز بناکردوسرے بہترین بیٹسمین بنے تھے اور ٹورنامنٹ کی واحد سنچری بھی بنائی تھی۔
ویسٹ انڈیزکےخلاف ہوم ٹی ٹونٹی سیریزمیں موقع نہ پانے کے بعد دورہ انگلینڈ میں کامران اکمل کی واپسی کا کوئی امکان باقی نہیں رہاتھا لیکن چیف سلیکٹر کے بیان نے انکی رہی سہی امید بھی ختم کردی ہے۔واضح رہے کہ انضمام الحق اور مکی آرتھر کے علاوہ سابق کوچ وقاریونس بھی کامران اکمل کو موقع نہ دئیے جانے کا عندیہ دے چکے تھے۔ وقار یونس کا کہنا تھاکہ میرے خیال میں کامران اکمل اپنی فیلڈنگ کی بنیاد پر پاکستان ٹیم میں جگہ نہیں بناسکتے۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 6 اپریل 2018

Share On Whatsapp