Asif Ghafoor's Tit-for-tat Response To Indian Media On Afridi's Kashmir Tweet

میجر جنرل آصف غفور بھی شاہد آفریدی کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان پر ان کی حمایت میں سامنے آگئے

نئی دہلی : پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل اصف غفور بھی قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان پر ان کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اتوار کو فائرنگ کر کے 17 کشمیری نوجوانوں کو ہلاک کردیا تھا جس کے بعد مقبوضہ وادی میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی جبکہ مختلف حصوں میں کرفیو بھی نافذ کردیا گیا۔
اس بربریت پر دنیا بھر کے مسلمانوں نے بھرپور احتجاج کیا جسکے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ”مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی پریشان کن اور ہولناک ہے، آزادی اور حق خود ارادیت کےلئے آواز اٹھانے پر معصوموں کو بےدردی سے قتل کیا جارہا ہے،حیرت ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کہاں ہیں اور وہ اس خون خرابے کو روکنے کےلئے کوئی کردار ادا کیوں نہیں کررہے؟“۔
اس ٹویٹ کے فورابعد شاہد آفریدی کےخلاف بھارتی میڈیا نے مہم چلاتے ہوئے انہیں برا بھلا کہنا شروع کردیا اور سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر بھی اس مہم کا حصہ بن گئے ہیں۔گوتم گمبھیرنے ٹوئٹر پر شاہدآفریدی پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ ”آفریدی یو این کو ڈھونڈ رہے ہیں اور آفریدی کی ڈکشنری میں یو این انڈر 19 ہے جوکہ انکی عمر کی بھی حد ہے، میڈیا پرسکون رہے، آفریدی نو بال پر وکٹ کا جشن منارہے ہیں“ ۔
آفرید ی کے اس بیان پر بھارتی میڈیا نے اپنی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے اس بارے میں انکے خیالات جاننے کےلئے رابطہ کیا تو ان کاکہنا تھا کہ کسی خاص مسئلے پر اپنے خیالات کا اظہار کر نا ہر شخص کا اپنا ذاتی انتخاب ہوتا ہے،جب تک مجھے کسی واقعے کے بارے میں مکمل معلومات نہ حاصل ہوں میں اس پر بات نہیں کروں گا تاہم آپ کا ملک ہمیشہ آپ کا سب سے پہلا انتخاب ہوتا ہے ۔
اس سب کے بعد پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور بھی قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے بیان کے حق میں سامنے آگئے ہیں جنہوں نے اپنے ذاتی ٹویٹراکاﺅنٹ پر آفریدی اور بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر کی ایک تصویر شیئر کرکے لکھا ”And that’s the way for you India “۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 6 اپریل 2018

Share On Whatsapp