AI can automatically rewrite outdated text in Wikipedia articles

مصنوعی ذہانت ویکی پیڈیا پر پرانے متن کو خود کار طور پر دوبارہ لکھ سکتی ہے

ویکیپیڈیا کے  مضامین کئی وجوہات کی بنا کر قابل اعتبار نہیں سمجھے جاتے۔ ان میں سے سب سے اہم وجہ معلومات کا پرانا ہونا ہے۔ انسانی ایڈیٹر ایک حد تک ہی معلومات کو اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بوٹس بھی دی گئی ہدایات میں رہتے ہوئے مضامین  کی درستی اور ان میں تبدیلی کرتے ہیں۔
ایم آئی ٹی نے اس حوالے سے بہتر حل پیش کیا ہے۔ ایم آئی ٹی کے محققین نے ایک مصنوعی ذہانت کا سسٹم ڈویلپ کیا ہے۔ یہ سسٹم خود کار طور پر پرانی معلومات اور فقرات کو دوبارہ لکھ سکتا ہے۔
مصنوعی  ذہانت کے لکھے گئے یہ فقرات بالکل انسانی ایڈیٹرز کے لکھے گئے فقرات  کی طرح کے محسوس ہوتے ہیں۔
مصنوعی ذہانت کا یہ سسٹم ویکیپیڈیا کے مضمون اور دیگر متن میں دئیے گئے فقرات کا موازنہ کرتا ہے اور پھر ویکیپیڈیا کےمضمون کو نئی معلومات سے بدل دیتا ہے۔ یہ سسٹم دو فقرات میں الفاظ کے فرق کو واضح کرتا ہے۔ اس کے بعد ایک انکوڈر-ڈی کوڈر فریم ورک فیصلہ کرتا ہے کہ سادہ الفاظ میں نئی معلومات کو کس طرح سے ویکیپیڈیا کے مضمون میں لکھنا ہے۔
یہ سسٹم مضمون میں فقرہ لکھتے ہوئے دیکھتا ہے کہ کس طرح پرانی معلومات کا حوالہ بھی برقرار رہے اور اس کے ساتھ نئی معلومات کا اضافہ بھی کر دیا جائے۔
یہ سسٹم جعلی خبروں کی شناخت، تعصب کم کرنے اور درستی بہتر کرنے کے سسٹمز کی تربیت کرنے کے کام بھی آ سکتا ہے۔
مصنوعی ذہانت کا یہ سسٹم ابھی ویکیپیڈیا پر عام استعمال کے قابل نہیں ہوا ہے۔ انسانی ایڈیٹروں نے حقائق بیان کرنے کے حوالے سے اسے 5 میں سے 4 اور گرائمر کے حوالے سے5 میں سے 3.85 نمبر دئیے ہیں۔ تاہم یہ ٹیکسٹ جنریٹ کرنے والے دوسرے سافٹ وئیر سے بہتر ہے۔ اس سسٹم کو بہتر بنایا گیا تو  یہ انسانی ایڈیٹرز کی غیر موجودگی میں ویکیپیڈیا میں معمولی ترمیم، نیوز آرٹیکل لکھنے اور دوسرے ڈاکیومنٹ کو بہتر بنانے کے کام آ سکتا ہے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 19 فروری 2020

Share On Whatsapp