nubia Red Magic 3 arrives with 8K video recording and monster specs

8K ویڈیو ریکارڈنگ اور زبردست ہارڈ وئیر کے ساتھ نوبیا ریڈ میجک 3 متعارف کرا دیا

اِن دنوں  سمارٹ فون کمپنیاں  بہتر ہارڈ وئیر کے سمارٹ  فونز  کو  کم قیمت میں  پیش کر رہی ہیں۔زیڈ ٹی ای نے  لگتا ہے کہ بہتر ہارڈ وئیر میں سب کو پیچھے چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ زیڈ ٹی ای  نے زبردست ہارڈ وئیر کے ساتھ  نوبیا ریڈ میجک 3 (nubia Red Magic 3) سمارٹ فون متعارف کرایا ہے۔
اس نئی گیمنگ   ڈیوائس میں فلیگ شپ  چپ سیٹ، 12 جی بی ریم، بڑی گنجائش کی بیٹری، دو اقسام کی انٹرنل کولنگ، 8K اور  1920 fps slow-mo  ویڈیو ریکارڈنگ ہے۔

نوبیا ریڈ میجک 3 میں بہت سے متاثر کن فیچرز ہیں۔ اس میں 6.65 انچ ایمولیڈ ڈسپلے  ہے۔ اس کے ڈسپلے کا ریفریش ریٹ 90 ہرٹز اور ٹچ ریفریش ریٹ 240 ہرٹز ہے۔فون میں دونوں اطراف میں سٹیریو ساؤنڈ کے لیے سپیکر لگے ہیں اور اس میں 4D کسٹومائز ایبل وائبریشن  بھی ہے۔
زیڈ ٹی ای نے فون کی بیک پر صرف ایک ہی کیمرہ نصب کیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ فون چونکہ گیمرز کے لیے ہے اور گیمرز  فوٹو گرافی میں زیادہ دلچسپی نہیں لیتے، ہاں ویڈیو ریکارڈنگ کے حوالے سے فون میں ایک بڑا زبردست فیچر 8Kویڈیو ریکارڈنگ کا ہے اور یہ 1920 فریمز فی سیکنڈ پر ویڈیو شوٹنگ کر سکتا ہے۔
اس فون کی بیک پرf/1.7لینز کے ساتھ 48 MP IMX586 سنسر ہے۔
فون میں گیمنگ کے لیے جو فیچر شامل کیے گئے ہیں، اُن میں دوسری نسل کا ICE لیکوئیڈ کولنگ اور ایک حقیقی پنکھا ہے، جو فون کے درجہ حرارت کو 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک رکھتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق فون کے  کولنگ ایفیکٹ 500 فیصد تک ہیٹ (heat) ڈسٹری بیوشن فراہم کرتے ہیں  اور  32 ہزار مربع  ملی میٹر کور کرتے ہیں۔
فون کے  کولنگ گرڈ کے اوپر اوپری دائیں جانب ایک ایکشن بٹن ہے۔
یہ گیمنگ کے دوران  ایک اضافی کی (key) کا کام کرتا ہے۔فون کی بیک پر ہیرے کی شکل  فنگر پرنٹ سکینر ہے۔
گیمنگ فون ہونے کی وجہ سے نوبیا  ریڈ میجک 3 میں  27W فاسٹ چارجنگ کے ساتھ 5 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری ہے۔یہ بیٹری پاور ڈلیوری کو بھی سپورٹ کرتی ہے۔
اس فون کے سیاہ  6 جی بی / 64 جی بی ورژن کی قیمت 2899 یوان یا 430 ڈالر ای 385 یورو، فون کے 6 جی بی / 128 جی بی ورژن کی قیمت 3199 یوان یا 475 ڈالر یا 425 یورو،  سیاہ یا سرخ 8 جی بی / 128 جی بی ورژن کی قیمت 3499 یوان یا 520 ڈالر یا 470 یورو اور 12 جی بی / 256 جی بی ماڈل کی قیمت 4299 یوان یا 640 ڈالر یا 575 یورو ہے۔
اس فون کی فروخت کا آغاز 3 مئی سےہوگا۔ اے نوبیا سٹورز اور جے ڈی ڈاٹ کام سے خریدا جا سکتا ہے۔

تاریخ اشاعت : پیر 29 اپریل 2019

Share On Whatsapp