Facebook bans personality quizzes

فیس بک نے پرسنالٹی کوئزز پر پابندی لگا دی

فیس بک  اپنے پلیٹ فارم پر ڈیٹا کو لیک ہونے سے روکنے کے لیے کئی اقدامات کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں فیس بک نے  پرسنالٹی کوئزز  پر پابندی لگا دی ہے۔ فیس بک کے ڈائریکٹر آف پراڈکٹ منیجمنٹ  ایڈی او نیل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ  سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لیے  اب وہ ایپس کو پرسنالٹی کوئزز کی اجازت نہیں  دیں گے۔
فیس بک  نے  یہ بھی بتایا کہ وہ 30 اپریل سے تھرڈ پارٹی ڈویلپر کی بہت سی پرانی اے پی آئیز تک رسائی کو ختم کر رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ایپس پر صارفین سے وہ ڈیٹا حاصل کرنے پر بھی پابندی ہوگی جو  ایپ میں صارف کے تجربے کو بہتر نہ بنائے۔فیس بک کا کہنا ہے کہ اگر کوئی صارف 90 دن تک کسی ایپ کو استعمال نہیں کرے  گا تو فیس بک ایپ کے ڈویلپر کو صارف کے ڈیٹا تک رسائی نہیں دے گا۔
سیکورٹی کے حوالے سے فیس بک نے  یہ اقدام  برطانوی سیاسی مشاورتی فرم کیمبرج اینالیٹیکا کا سکینڈل سامنے آنے   کے  تقریباً ایک سال  بعد  اٹھایا ہے۔
کیمبرج اینالیٹیکا نے 87 ملین صارفین کی اجازت کے بغیر اُن کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کی تھی، اس کے لیے انہوں نےا سی طرح کی  کوئز ایپ  thisisyourdigitallife کا استعمال کیا تھا۔اس ایپ کو یونیورسٹی آف کیمبرج کے پروفیسر الیکسانڈر کوگان نے ڈویلپ  کیا تھا۔ اس کے لیے ادائیگی  کیمبرج اینالیٹکا نے  کی تھی۔ دس از یور ڈیجیٹل لائف (thisisyourdigitallife) کا مقصد  صارفین کا ڈیٹا جمع کر کے 2016 کے امریکی الیکشن میں ٹرمپ کی مہم کےلیے ووٹر پروفائل بنانا تھا۔  اس  سیکنڈل کے سامنے آنے کےبعد صارفین کا فیس بک پر سے اعتماد اٹھ گیا تھا۔ پچھلے سال پیو ریسرچ سنٹر کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سیکنڈل کے بعد 54 فیصد بالغ امریکیوں نے فیس بک پر اپنی پرائیویسی سیٹنگز میں تبدیلی کی تھیں۔
فیس بک کی طرف سے پرسنالٹی کوئزز پر پابندی اتنا بڑا اقدام نہیں کہ اس سے صارفین کا فیس بک پر اعتماد بحال ہو سکے۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 26 اپریل 2019

Share On Whatsapp