Samsung will lead the smartphone market for another 10 years, says CEO DJ Koh

سام سنگ اگلے دس سالوں تک مزید سمارٹ فون مارکیٹ پر راج کرے گا

چینی فون ساز کمپنی ہواوے اور جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ کے درمیان سب سے بڑی فون ساز کمپنی بننے کی جستجو کافی  عرصے سے جاری ہے۔ ہواوے نے کئی بار سام سنگ سے آگے نکلنے کا عندیہ دیا ہے لیکن اس بار سام سنگ نے ہواوے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اگلے دس سالوں تک سمارٹ فون مارکیٹ پر راج کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں سام سنگ کے سی ای او ڈی جے کوہ نے بتایا کہ سام سنگ اگلی دہائی میں بھی نمبر ایک کمپنی رہے گی۔

جب   ڈی جے کوہ سے کمپنی  کے نمبر ایک پوزیشن  سے نیچے آنے کے امکان کے  بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ  سام سنگ اگلی دہائی میں بھی سب سے زیادہ موبائل فون بنانے والی کمپنی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے ہمیشہ اپنی توجہ مصنوعات میں نت نئی اختراعات اور بہتریوں کی طرف مرکوز رکھی ہے۔ کمپنی یہ اگلی دہائی میں بھی جاری رکھے گا۔
عالمی فروخت میں کمی کے باوجود سام سنگ کو امید ہے کہ  وہ نئے فولڈ ایبل فونز سے  اگلے دس سالوں تک مارکیٹ پر راج کریں گے۔
مزید براں ڈی جے کوہ  نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی گلیکسی فولڈ کی سکرین اپ ڈیٹ کر رہی ہے تاکہ صارفین  کو کسی قسم کے  چھوٹے موٹے مسائل کا سامنا  بھی نہ کرنا پڑے۔
سی ای او نے بتایا کہ سام سنگ اپنے فولڈ ایبل فون کی لائن کو زیادہ صارفین تک پہنچانے  کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس حوالے تفصیلات اور فون کی قیمت کے بارے میں نہیں بتایا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بکسبی کا فرانسیسی ورژن بھی جلد ہی باضابطہ طور پر جاری کر دیا جائے گا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 11 اپریل 2019

Share On Whatsapp