Do you Downloaded Adware Doctor

کیا آپ نے Adware Doctor ڈاؤن لوڈ کیا تھا؟

ایپل نے معروف میک ایپلی کیشن Adware Doctor کو اپنے اسٹور سے نکال باہر کیا ہے۔ یہ ایپلی کیشن اپنے صارفین کی معلومات مثلاً دوسری ایپلی کیشنز کا ڈیٹا اور صارف کی براؤزر ہسٹری ریکارڈ کرکے چین میں موجود سرورز کو بھیج رہی تھی۔۔ میک ایپ اسٹور سے نکالنے جانے سے پہلے Adware Doctor قیمتاً دستیاب یوٹیلیٹیز کی فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر تھی۔ Adware Doctor جو 5 ڈالر میں دستیاب تھی، کا مقصد مال ویئر اور دیگر نقصان دہ فائلوں سے میک کمپیوٹر کو محفوظ رکھنا تھا۔

اس ایپلی کیشن کی چوری کا پتاسابقہ NSA ہیکر اور موجودہ سیکیورٹی محقق Patrick Wardle نے لگایا۔ انہوں نے گزشتہ ماہ ہی اس ایپلی کیشن کی ساری کارستانی کا پتا لگا کر اپنے بلاگ (https://objective-see.com/blog/blog_0x37.html) پر شائع کردی تھی۔ لیکن ایپل نے کئی ہفتوں بعد اس ایپلی کیشن کو میک ایپ اسٹورسے نکالا۔ یہ ایپلی کیشن کسی بھی طرح مشکوک نظر نہیں آتی تھی۔ میک ایپ اسٹور پر سات ہزار سے زائد لوگوں نے اس ایپلی کیشن کو ریٹنگ دی جن میں سے زیادہ تر نے اسے پانچ اسٹار دیئے۔
مگر خفیہ طور پر یہ ایپلی کیشن صارف کے ڈیٹا کو ایک فولڈر میں جمع کرکے وقتاً فوقتاً اسے کمپریس کرتی اور چین میں موجود سرور کو بھیج دیتی۔ جب سے اس ایپلی کیشن کو میک ایپ اسٹور سے ڈیلیٹ کیا گیا ہے، تب سے چین میں موجود سرور بھی آف لائن ہے۔ اس قصے سے پتا چلتا ہے کہ کوئی ایپلی کیشن چاہے کتنی ہی معروف اور بے ضرر محسوس ہو، اسے انسٹال کرتے ہوئے بہت احتیاط کرنی چاہیے۔ اگر آپ کے کمپیوٹر یا موبائل میں کوئی حساس ڈیٹا ہے تو کوئی بھی تھرڈ پارٹی ایپلی کیشن کی تنصیب خطرے سے خالی نہیں ہوتی۔

تاریخ اشاعت : منگل 11 ستمبر 2018

Share On Whatsapp