Google Chrome turns 10

گوگل کروم کو آئے دس برس بیت گئے

گزشتہ روز گوگل کروم کو ریلیز ہوئے دس سال کا عرصہ بیت گیا۔ دس برس پہلے جب انٹرنیٹ صارفین انٹرنیٹ ایکسپلورر سے تنگ اور موزیلا فائر فاکس کی جانب تیزی سے مائل ہورہے تھے، اس وقت گوگل نے ایک نئے ویب براؤزر کا اعلان کرکے سب کو چونکا دیا۔ ابتداء میں گوگل کروم صرف مائیکروسافٹ ونڈو کے لیے دستیاب ایک ایپلی کیشن تھی ۔ ایک سال بعد گوگل نے میک اوایس اور لینکس کے لیے کروم کو متعارف کروایا۔

کروم براؤزر کی تیاری کے لیے گوگل نے ایپل کے WebKit انجن اور موزیلا فائرفاکس کا استعمال کیا اور گوگل کروم کا تمام تر سورس کوڈ کرومیئم پروجیکٹ کے تحت ہر کسی کے لیے دستیاب کردیا۔

یہ وہ وقت تھا جب انٹرنیٹ ایکسپلورر ویب کے معیارات کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی من مانی کررہا تھا۔ اُس وقت گوگل کروم نے ویب معیارات Web Standards کو پوری طرح اپنانا شروع کیا اور HTML5 کی سپورٹ کو بہتر بنایا۔

گوگل کروم کے سر ایک بڑا کارنامہ Sandboxing متعارف کروانا ہے۔ جب آپ گوگل کروم میں ایک سے زائد tabs میں مختلف ویب پیجز ملاحظہ کررہے ہوتے ہیں تو ہر ٹیب دوسرے ٹیب سے بالکل الگ تھلگ ہوکر کام کررہا ہوتا ہے۔ اگر کسی وجہ سے کوئی ٹیب کریش کرجائے، تو اس کی وجہ سے کوئی دوسرا ٹیب متاثر نہیں ہوتا۔

ایک دہائی بعد آج گوگل کروم دنیا کا سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا ویب براؤزر بن چکا ہے اور گوگل اس میں آئے دن بہتری پیدا کررہا ہے۔ اب کوئی ایسا معروف آپریٹنگ سسٹم نہیں جس کے لیے گوگل کروم دستیاب نہ ہو۔

تاریخ اشاعت : منگل 4 ستمبر 2018

Share On Whatsapp