سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت 29مارچ تک ملتوی

اسلام آباد ۔ : احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر کیخلاف دائر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت 29مارچ تک ملتوی کر دی ہے ۔ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے استغاثہ کی گواہ نورین شہزاد پر جرح مکمل کر لی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی کے سربراہ کو بطور استغاثہ گواہ طلب کرلیا ہے ۔
بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنس کی سماعت کی ۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے استغاثہ کی گواہ نورین شہزاد کے بیان پر جرح مکمل کی ۔ فاضل جج محمد بشیر نے نیب پراسیکوٹر سے سوال کیا کہ کیا صرف دو گواہ رہ گئے ہیں جس پر نیب پراسکیوٹر نے بتایا کہ جی واجد ضیاء اور تفتیشی افسر رہ گئے ہیں۔ عدالت نے آئند ہ سماعت پر جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کو بطور استغاثہ گواہ طلب کر تے ہوئے سماعت 29مارچ تک ملتوی کر دی ہے ۔

تاریخ اشاعت : بدھ 21 مارچ 2018

Share On Whatsapp