Hubble Space Telescope Was Launched Thirty Years Ago

خلائی دور بین ہبل کو 30 سال پہلے لانچ کیا گیا تھا

خلائی دوربین ہبل اپنی 30 ویں سالگرہ منا رہی ہے۔ اس دوربین کو 30 سال پہلے 24 اپریل 1990 کو لانچ کیا گیا تھا۔ اس دوربین کو شروع میں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس نے  کائنات کے بارے میں ہمارے  طرز فکر کو بالکل بدل دیا ہے۔
اس وقت ساری دنیا کی نظریں جیمز ویب خلائی دوربین پر لگی ہیں۔ یہ دوربین  ہبل کی جگہ لینے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔ اسے 30 مارچ 2021 کو لانچ کیا جائے گا لیکن ہبل خلائی دوربین آج بھی زندہ ہے اور اپنا کام بخوبی کر رہی ہے۔
ہبل دور بین کو 30 سال پہلے خلائی شٹل ڈسکوری کےذریعے لانچ کیا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر  ہبل خلائی دوربین کو  1986 میں لانچ کیا جانا تھا لیکن چیلنجر کی تباہی کے بعد یہ معاملہ تھوڑا ملتوی ہو گیا۔1990 سے ہی ہبل  خلائی دوربین زمین کے مدار میں 620 کلومیٹر کی بلندی پر موجود ہے۔ہبل خلائی دوربین کا پراجیکٹ خالصتاً ناسا کا پراجیکٹ تھا لیکن یورپی خلائی ایجنسی نے بھی اس کی ڈویلپمنٹ میں حصہ لیا۔ ای ایس اے نے اس دوربین کے لیے سولر پینل اور Faint Object Camera بنائے۔

پچھلے 30 سالوں میں ہبل خلائی دوربین کی مدد سے سائنسدان ہزاروں کہکشائیں دریافت کر چکے ہیں۔ اس کی مدد سے سائنسدان ایسے سیارے بھی دریافت کر چکے ہیں جہاں زندگی کا وجود ممکن ہے۔
ہبل کی بنائی ہوئی Hubble Deep Field تصویر اُن ہزاروں لاکھوں تصویروں میں سے ایک ہے، جسے اس دوربین نے اپنے لینز کئی دنوں تک ایک جگہ مرکوز کر کے بنایا ہے۔ اس کی بنائی دوسری اہم تصویروں میں ”تخلیق کے ستون“ اور ”بٹر فلائی نیبولا“ شامل ہیںَ  یہ دوربین تاریک مادے پر تحقیق کے لیے بھی موثر ہے۔
ہبل کی مدد سے ہی سائنسدان نظام شمسی کے کئی سیاروں کے نئے چاند دریافت کر سکے ہیں۔ ہبل نے سائنسدانوں کو کائنات کے بارے میں نیا علم دیا ہے۔ ہبل کی مدد سےہی کائنات کے تیزی سے پھیلنے کے نظریے کی تصدیق ہوئی۔ ہبل سے ہی پہلی بار کائنات کی عمر کے بارے میں پتا چلا۔
ابتدا میں اندازہ تھا کہ یہ دوربین صرف 15 سال چل سکے گی لیکن یہ آج کے دن تک کام کر رہی ہے۔ اپنی جانشین جیمز ویب دوربین کے لانچ ہونے کے بعد بھی ہبل کئی دہائیوں تک کام کرتی رہے گی۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 24 اپریل 2020

Share On Whatsapp