Apple now owns Intel's mobile modem business

ایپل اب انٹل کے موبائل موڈیم بزنس کا مالک بن گیا

ایپل نے انٹل کے سمارٹ فون موڈیم کے کاروبار کے اکثریتی  شیئرز خرید لیے ہیں۔ جولائی میں اعلان کی گئی یہ خریداری اب مکمل ہوچکی ہے۔ایپل نے اس خریداری کے لیے انٹل کو ایک ارب ڈالر ادا کیا ہے۔انٹل کا دعویٰ ہے کہ اس فروخت سے کمپنی کو کئی ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ انٹل کے سمارٹ فون موڈیم کا کاروبار خریدنے کے بعد ایپل  خود ہی اپنے سمارٹ فونز کے زیادہ تر پرزہ جات بنانے کے قابل ہو  جائے گا۔ اس خریداری کے بعد ایپل  کا  کوالکوم، جس کے ساتھ کمپنی کے تعلقات بہتر نہیں ہیں،  پر سے انحصار ختم ہو جائے گا۔
اس خریداری  کے بعد ایپل صرف سمارٹ فون کے موڈیم کے کاروبار کا مالک ہوگا۔ انٹل بدستور پی سی، آئی او ٹی ڈیوائسز اور خود کار کاروں کے لیے  موڈیم بناتا رہے گا۔
انٹل کا دعویٰ ہے کہ  کوالکوم کے غیر مسابقتی حقوق ملکیت کے حربوں کی وجہ سے انہیں سمارٹ فون کے موڈیم کے کاروبار کو فروخت کرنا پڑا ہے۔اس حوالے سے جاری ایک مقدمے میں کوالکوم کے خلاف فیصلہ آیا تھا لیکن انہوں نے 9 ویں یو ایس سرکٹ کورٹ آف اپیلز میں مقدمہ کر دیا۔
ایپل کافی عرصہ سے دوسری کمپنیوں پر  کم سے کم انحصار کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ایپل نے اپنے اے سیریز پروسیسر متعارف کرانے کے بعد سام سنگ  پر انحصار کم کیا۔ اب افواہیں ہیں کہ کمپنی اپنے کمپیوٹروں سے  انٹل کے سی پی یو ختم کر کے اپنے اے آر ایم بیسڈ پروسیسر استعمال کرے گی۔

تاریخ اشاعت : منگل 3 دسمبر 2019

Share On Whatsapp