Fake Russian Tor browser purloins $40,000 in Bitcoin from dark web shoppers

جعلی روسی ٹور براؤزر نے ڈارک ویب پر خریداری کرنے والوں سے 40 ہزار ڈالر کے بٹ کوائن چرا لیے

سائبر سیکورٹی فرم ای سیٹ  کے ماہرین نے ٹور براؤزر کے ایک جعلی ورژن  کا پتا چلایا ہے۔ ٹور براؤزر کوڈارک ویب تک رسائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹور براؤزر کا  یہ جعلی  ورژن ڈارک ویب پر خریداری کرنے والے صارفین کے بٹ کوائن چرا رہا ہے۔ای سیٹ کے مطابق یہ براؤزر اب تک 40 ہزار ڈالر مالیت کے بٹ کوائن چرا چکا ہے۔
اس جعلی ویب براؤزر کو پھیلانے والے دھوکے باز اصل ٹور براؤزر میں ٹروجن  داخل کرتے ہیں۔
ٹروجن زدہ یہ براؤزر صارفین کو دو مختلف ویب سائٹس پر ری ڈائریکٹ کرتا ہے، جہاں صارفین کو بتایا جاتا ہے کہ اُن کا ٹور براؤزر  پرانا ہوگیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ  ایسا میسج ٹور براؤزر  کے تازہ ترین ورژن میں بھی ظاہر ہوتا ہے۔اپ ڈیٹ پر کلک کرنے سے صارفین ایک دوسرے لنک پر پہنچ جاتے ہیں، جہاں انہیں بتایا جاتا ہے کہ وہ ٹور براؤزر  کی اپ ڈیٹ انسٹال کر سکتے ہیں۔
ای سیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ   اس  جعلی ٹور براؤزر اور جعلی ویب سائٹس کی  2017 اور 2018 کے شروع میں کافی تشہیر کی گئی تھی۔
اس وقت کرپٹوکرنسی کا استعمال عروج پر تھا۔ روسی  فورمز اور بلاگز پر اس جعلی ٹور براؤزر کو روسی زبان کے باضابطہ  ورژن کے طور پر پیش کیا گیاتھا۔دھوکے بازوں نے  جعلی اکاؤنٹس استعمال کر کے لوگوں کو  حکومتی نگرانی سے بچنے کے لیے ٹور براؤزر کے استعمال کی ترغیب دی۔جس پیسٹبن اکاؤنٹ سے اس جعلی براؤزر کی تشہیر کی تھی، وہ پانچ لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔اس براؤزر سے جب  بھی صارفین بٹ کوائن سے خریداری کرتے تو دھوکے باز ٹارگٹ  بٹ کوائن ویلٹ کےایڈریس کو اپنے ایڈریس سے بدل دیتے۔
ای سیٹ کے ماہرین نے تین ایسے بٹ کوائن ویلٹ شناخت کیے ہیں، جو اس مہم کے لیے استعمال کیے گئے ہیں۔ یہ ویلٹ اب تک 4.8 بٹ کوائن یا 40 ہزار ڈالر وصول کر چکے ہیں۔
ماہرین نے صارفین پر زور دیا ہے کہ جب بھی کوئی سافٹ وئیر ڈاؤن لوڈ کریں تو اس کی آفیشل ویب سائٹ سے  ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ وہ کسی دھوکے بازی کا شکار نہ ہو سکیں۔

تاریخ اشاعت : بدھ 23 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp