British Airways faces record-breaking GDPR fine after data breach

جی ڈی پی آر پر برٹش ائیر ویز کو فیس بک سے کہیں زیادہ183 ملین پاؤنڈ جرمانے کا سامنا

برطانوی حکام نے  ائیر لائن برٹش ائیر ویز  پر  183 ملین پاؤنڈ کا ریکارڈ جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ جرمانہ پچھلے سال  ائیر لائن کے ڈیٹا کی چوری پر لگایا جا رہا ہے۔ انفارمیشن کمشنرز آفس (آئی سی او)  کا کہنا ہے کہ  کمزور سیکورٹی کے باعث پانچ لاکھ مسافروں کے کریڈٹ کارڈ، نام، پتے ، بکنگ اور لاگ ان کی معلومات چوری ہوئیں تھی۔
بی بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق  آئی سی او  کی طرف سے عائد کردہ یہ اب تک کا سب سے بڑا جرمانہ ہے۔
آئی سی او نے اس سے پہلے فیس بک کو کیمبرج اینالیٹیکا کے سکینڈل پر صرف 5 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ کیا تھا، حالانکہ اس سکینڈل میں متاثر ہونے والے  صارفین کی تعداد کئی ملین تھی۔برٹش ائیر ویز کے پاس ابھی 28 دن ہیں، کمپنی اس جرمانے کے خلاف اپیل کر سکتی ہے، جس کے بعد کمپنی کو یہ جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔
اپنے ایک بیان میں  انفارمیشن کمشنر الزبتھ ڈینہم  نے کہا کہ ذاتی ڈیٹا کا نقصان  تکلیف دہ ہونے سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کو بنیادی پرائیویسی کے حقوق کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات اٹھانے چاہیے۔
آئی سی او کی طرف سے فیس بک کو 5 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ کیے ایک سال بھی نہیں گزرا۔ کیمبرج اینالیٹیکا کے سکینڈل میں 87 ملین صارفین متاثر ہوئے تھے۔ تاہم 1998 ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ کے تحت فیس بک کو زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ ہی کیا جا سکتا تھا۔ آئی سی او نے برٹش ائیر ویز کو نئے جی ڈی پی آر قوانین کے تحت جرمانہ کیا ہے۔
اس قانون کے تحت کمپنیوں کو اُن کی ساری دنیا  سے ہونے والی آمدن کا 4فیصد جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔ آئی سی او نے برٹش ائیر ویز کو اُن کی 2017 کی آمدن کا 1.5 فیصد جرمانہ کیا ہے۔
جرمانے کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے  برٹش ائیر ویز کے چیئر مین اور چیف ایگزیکٹیو ایلکس کروز کا کہنا ہے کہ کمپنی آئی سی او کے فیصلے سے حیران اور مایوس ہے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ ڈیٹا کی اس چوری کے نتیجے میں انہیں کسی دھوکہ دہی کی کاروائی کےآثار نہیں ملے۔

تاریخ اشاعت : منگل 9 جولائی 2019

Share On Whatsapp