Google will let EU Android users chose a different search engine and browser

یورپی یونین کے اینڈروئیڈ صارفین اب مختلف سرچ انجنز اور براؤزر کا انتخاب کر سکیں گے

یورپی یونین کو 4.3 ارب ڈالر کا بھاری جرمانہ ادا کرنے کے بعد گوگل کی عقل ٹھکانے پر آگئی ہے۔یورپی یونین کے صارفین اب اینڈروئیڈ میں کسی دوسرے سرچ انجن اور براؤزر کا انتخاب کر سکیں گے۔ گوگل اب یورپی یونین کے صارفین کو ایک اپ ڈیٹ کے ذریعے پلے سٹور سے مختلف براؤزر یا دوسرا سرچ انجن منتخب کرنے کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
ایک بلاگ پوسٹ میں  گوگل کے پراڈکٹ منیجمنٹ   ڈائریکٹر ، پاؤل جینائی، نے بتایا کہ اپ  ڈیٹ کے بعد یورپی یونین کے صارفین  گوگل پلے سٹور کھولنے پر ایک نئی سکرین دیکھیں گے،جہاں انہیں مختلف سرچ انجن یا براؤزر انسٹال کرنے کے آپشن فراہم کیے جائیں گے۔
گوگل صارفین کی  دوسرے سرچ انجن یا براؤزر کو ڈیفالٹ سرچ انجن یا براؤزر سیٹ کرنے کے حوالے سے بھی رہنمائی کرے گا۔
بلاگ میں فراہم کی گئی تصویر کے مطابق گوگل دوسرے سرچ انجنز میں Qwant ، DuckDuck Go اور دیگر جبکہ براؤزر میں موزیلا کا فائر فاکس، اوپیرا، مائیکروسافٹ ایج اور پوفن ویب براؤزر انسٹال کرنے کے آپشن دے گا۔
یورپی یونین کی طرف سے گوگل پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنی پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فون ساز کمپنیوں کو گوگل کی مصنوعات، جیسے ایپس اور سرچ انجن، پہلے سے انسٹال کرنے پر مجبور کرتا تھا۔
اس کے برعکس گوگل کا موقف تھا کہ فون ساز کمپنیاں پہلے سے موبائل میں ایپلی کیشن شامل کرنے کے معاملے میں آزاد ہیں۔
یورپی یونین کے صارفین کے لیے جاری کی گئی اپ ڈیٹ چند ہفتوں میں تمام صارفین کی پہنچ میں ہونگی، جس کے بعد وہ گوگل کے علاوہ دوسرا سرچ انجن یا کروم کے علاوہ دوسرا براؤزر منتخب کر سکیں گے۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 20 اپریل 2019

Share On Whatsapp