Chinese woman arrested carrying malware into Trump resort

مال وئیرزدہ یوایس بی سے لیس چینی عورت امریکی صدر ٹرمپ کے ریزورٹ سے گرفتار

امریکی صدر ٹرمپ  کے  ملکیتی ریزورٹ ”مار ا لاگو“ (Mar-a-Lago) کو  مال وئیر کے ایک بہت بڑے ”حملے“ سے بچا لیا گیا ہے۔حکام نے ایک چینی عورت  یوجِنگ ژہانگ کو حملے میں استعمال ہونے والی مال وئیر زدہ یو ایس بی ڈرائیو کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ چینی خاتون 30 مارچ کو ریزورٹ میں ٹھہرنے آئیں تھیں۔ ابتدائی تفتیش میں انہوں نے  پہلے بتایا کہ وہ تو بس سوئمنگ پول پر جانا چاہتی تھیں، اس کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ تو چارلی نامی کسی شخص کی دعوت پر اقوام متحدہ کے ”فرینڈ شپ ایونٹ“ میں شرکت کے لیے آئیں تھی اور ٹرمپ کے خاندان کے  لوگوں سے چین اور امریکا کے معاشی تعلقات پر  بات چیت کرنا چاہتی تھیں۔
  اس نام سے کوئی ایونٹ ریزورٹ میں منعقد نہیں ہونا تھا۔  
استقبالیہ پر موجود  خاتون نے بوگس ایونٹ کےبارے میں پوچھنے اور مہمانوں کی فہرست میں نام نہ ہونے پر یوجِنگ کو  پکڑا۔ جس وقت یوجِنگ کو پکڑا گیا اس وقت امریکی صدر ٹرمپ ریزورٹ میں ہی  ٹھہرے تھے لیکن انٹرنیشنل گالف کلب کے حصے میں موجود تھے۔
مال وئیر زدہ یوایس بی کے علاوہ یوجِنگ کے پاس سے  4 سیل فونز، 1 لیپ ٹاپ، 1 ایکسٹرنل ہارڈ ڈرائیو اور 2 چینی پاسپورٹس برآمد ہوئے۔
معاملہ اس وقت مزید  پراسرار ہوگیا جب یوجِنگ نے  پہلے بتایا کہ انہیں بس گزارے کی حد تک  انگریزی زبان آتی ہے لیکن بعد میں  انہوں نے دعویٰ کیا کہ اِنہیں انگریزی زبان کی نازک باریکیاں بھی معلوم ہیں۔
ابھی تک واضح نہیں ہوسکا کہ یوجِنک کا مقصد کیا تھا ۔ مال وئیر زدہ یو ایس بی اور اُن کے برتاؤ سے ایسے لگتا ہے جیسے وہ ریزورٹ  یا ٹرمپ فیملی کے سسٹمز ہیک کرنا چاہتی تھیں۔
یاد رہے کہ یو ایس بی ڈرائیو اُن سسٹمز کی سیکورٹی کو توڑنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں جو  انٹرنیٹ سے  کنکٹ نہ ہوں یا ان تک باہر سے رسائی حاصل نہ کی جا سکے۔  اگر یوجِنگ اپنے مقصد میں کامیاب ہوجاتیں تو ریزورٹ سے خاصی حساس معلومات حاصل کر سکتی تھیں۔تاہم ابھی تک یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ باقاعدہ منصوبہ بندی سے کیا جانے والا حملہ تھا یا   اس سے یوجِنگ کا کچھ اور مقصد تھا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 4 اپریل 2019

Share On Whatsapp