Microsoft font gives away forgery in bankruptcy case

کیلبری فونٹ میں لکھے ایک اور معاہدے کو عدالت نے جعلی قرار دے دیا

کینیڈا کی ایک عدالت میں  دائر مقدمے کے دوران کیلبری فونٹ نے  ایک بار پھر معاملہ سلجھا دیا ہے۔دیوالیہ  پن کے ایک مقدمے  میں سیپریئر کورٹ آف اوٹاریو نے  دو پراپرٹی ٹرسٹ کے جھگڑے میں جیرالڈ اور کیتھلین میک گوئے کے خلاف فیصلہ سنا یا ہے۔
اس جوڑے نے 1994 میں شادی کی۔ دونوں کے پہلی شادیوں سے بچے بھی تھے۔ کچھ دنوں بعد دونوں نے مشترکہ طور پر مسکوکا، اونٹاریو میں لیج لاج کے نام سے 7 لاکھ ڈالر میں ایک کاٹیج خریدا۔
1993 میں دونوں نے کیلڈون، اونٹاریو میں 6 لاکھ 35 ہزار ڈالر میں ہمبر سٹیشن کے نام سے ایک فارم بھی خریدا تھا۔
2004 میں جیرالڈ وائرلیس ٹی وی براڈ کاسٹر اور آئی ایس پی لُک کمیونی کیشن کا سی ای او بن گیا۔ چار سال بعد کمپنی مالی مسائل کا شکار ہوگئی۔ جیرالڈ نے اپنا کچھ لائسنس یافتہ براڈ بینڈ سپیکٹرم فروخت کیا۔ آئی ایس پی لُک کمیونی کیشن نے جیرالڈ کو 5.6 ملین ڈالر ادا کیے۔ بعد میں کمپنی کے شیئر ہولڈرز نے حصص کی ناقص قیمت کی وجہ سے فروخت کے اس  معاہدے پر اعتراض کیا۔

آئی ایس پی لُک کمیونی کیشن نے 2011 میں ادا کی گئی رقم کی واپسی کے لیے جیرالڈ اور دوسرے منیجرز کے خلاف مقدمہ کر دیا۔ جون 2017 میں آئی ایس پی لُک کمیونی کیشن مقدمہ جیت گئی اور اسی ماہ کے آخر میں جیرالڈ دیوالیہ ہوگیا۔
جیرالڈ نے دعویٰ کیا کہ اس کی دونوں جائیدادیں بچوں کے لیے ہیں اور ٹرسٹ کے نام ہیں۔ اس کے ثبوت کے لیے جیرالڈ نے جو کاغذات پیش کیے اُن پر 1995 اور 2004 کے دستخط ہیں۔ ٹرسٹ کے کاغذات دیکھ کر ہی عدالت کو پتا چل گیا کہ یہ جعلی ہیں۔
ان کے جعلی ہونے کی نشانی اس فونٹ نے کی، جس میں انہیں تحریر کیا گیا تھا۔
عدالت نے ڈیزائن اور ٹائپوگرافی کے ماہر تھامس ڈبلیو فینی کی خدمات حاصل کیں۔ تھامس تقریباً دس سال ایڈوبی میں کام کر چکے ہیں اور اپنے آپ کو فونٹ ڈیٹیکٹیو کہتے ہیں۔ انہوں نے دیکھا کہ لیج لاج کے کاغذات جنہیں 1995 کی تحریر بتایا جا رہا تھا، وہ کامبریا فونٹ اور ہمبر سٹیشن کے کاغذات کیلبری فونٹ میں تحریر کیے گئے ہیں۔
یہ دونوں فونٹس مائیکروسافٹ کی 2002 میں ڈویلپ کی گئی کلیئر ٹائپ فونٹ کلیکشن کا حصہ ہیں لیکن انہیں عام لوگوں کے لیے 5 سال بعد ونڈوز وسٹا اور آفس 2007 میں پیش کیا گیا۔

عدالتی کاغذات میں وضاحت کی گئی کہ 4 جنوری 1995 کو کامبریا ٹائپ فیس وجود نہیں رکھتا تھا، اس لیے ٹائپ فیس کامبریا کے کاغذات، جن پر مبینہ طور پر 4 جنوری 1995 کی تاریخ ہے، اس تاریخ کو دستخط نہیں کیے گئے۔
لیج لاج کے کاغذات پر 2004 کے دستخط ہیں۔ اس وقت فونٹ باضابطہ طور پر موجود تو تھا، لیکن پھر اس کے بارے میں بھی شکوک پیدا ہوتے ہیں۔
تھامس کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ کے ملازمین، مشیراور کنٹریکٹ ڈیزائنر ہی مارچ 2004 میں کیلبری فونٹ میں ہمبر سٹیشن کی طرح کے کاغذات تخلیق کر سکتے تھے۔
اگر انہوں نے یہ تخلیق کیا بھی ہو تو ہمبر سٹیشن کے کاغذات میں کیلبری کے ٹیبولر لائننگ نمبر استعمال کیے گئے ہیں جو نومبر 2005 کے بعد کیلبری کے ڈیفالٹ نمبر بنے تھے۔
اگر یہ کاغذات 2007 اور 2010 میں جیرالڈ کی مالی مشکلات بڑھنے کے درمیان تخلیق کیے گئے ہوتے تو ان کا اعتبار کیا جا سکتاتھا۔ تاہم اب یہ کاغذات جعلی ہیں۔
پاکستان میں کیلبری فونٹ کا قصہ نیا نہیں۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے بھی عدالت میں کیلبری فونٹ میں تحریر کاغذات پیش کیے تھے۔ ان کاغذات پر جو تاریخ درج تھی، اس تاریخ کو یہ فونٹ عام عوام کے لیے جاری نہیں کیا گیا تھا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 17 جنوری 2019

Share On Whatsapp