Siri saves man who was paralyzed following Jeep rollover in the freezing cold Nevada desert

ایپل کی ورچوئل اسسٹنٹ سری نے جیپ الٹنے پر مفلوج ہوجانے والے شخص کی جان بچا لی

ایپل کی  کئی ڈیوائسز لوگوں کی زندگیاں بچا چکی ہیں۔ آئی فون 5 ایس نے ایک فوجی کو بم کے ٹکڑے سے بچایا تھا۔ اسی طرح آئی فون کےا یک  دوسرے ماڈل نے بھی  ایک خاتون کو مانچسٹر کے کنسرٹ میں ہونے والے بم دھماکے میں بم کے ٹکڑے سے بچایا تھا۔
تازہ ترین واقعے میں بھی ایک شخص کی زندگی بچانے میں آئی فون کا بڑا ہاتھ ہے۔ اس بار فون نے کسی بم یا گولی کو نہیں روکا بلکہ ایپل کی پرسنل ورچوئل اسسٹنٹ  سری نے نیٹ فیلکس نامی شخص کی جان بچائی ہے۔
نیٹ فیلکس 7 دسمبر کو صحرائے نیواڈا میں جیپ ڈرائیو کر رہے تھے۔ بدقسمتی سے ایک مقام پر ان کی جیپ الٹ گئی۔ انہوں نے جیپ سے باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن شدید درد کے باعث وہ ہل بھی نہ سکے۔ ریڑھ کی ہڈی کے دو مہرے ٹوٹنے کی وجہ سے ان کا 80 فیصد جسم مفلوج ہوگیا۔ شدید زخموں سے پریشان نیٹ کو صحرا کی موسم کی بھی فکر تھی جہاں سردیوں کی راتوں میں جما دینے والی سردی ہوتی تھی۔ نیٹ کے ساتھ ان کا کتا بھی موجود تھا جو ان کے بالکل پاس بیٹھا، انہیں حرارت پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔
نیٹ کو اندازہ ہوا کہ ایسا ساری رات نہیں چل سکے گا۔ اُن کی چیخوں کو دور دور تک سننے والا کوئی نہیں تھا، سوائے ایپل کی پرسنل اسسٹنٹ سری کے۔ نیٹ کو معلوم نہیں تھا کہ ان کا فون کہاں پر ہے، انہوں نے ذہن میں نام سوچ سوچ کر سری سے انہیں فون ملانے کو کہا لیکن ان کی کال کسی سے نہیں ملی۔ آخر کار انہوں نے سری سے 911 کال کرنے کو کہا۔ خوش قسمتی سے یہ کال مل گئی۔
کچھ دیر میں ہی پاہرومپ ویلی فائر ریسکیو سروس کے اہلکار موقع پہنچ گئے اور انہوں نے جیپ کاٹ کر نیٹ کو باہر نکالا۔
انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہستپال پہنچایا گیا، جہاں چار دن تک زیر علاج رہنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت مل گئی۔ اگرچہ وہ ابھی وہیل چیئر پر ہیں لیکن یہی بہت ہے کہ ایسے حادثے میں ان کی زندگی بچ گئی۔ اگر سری ایمرجنسی نمبروں پر رابطہ نہ کر پاتی تو کئی دنوں تک نیٹ کا سراغ بھی نہ ملتا اور پہلی رات ہی ان کا بچنا مشکل ہوتا۔ فائرریسکیو سروس کے کیپٹن جیمز پیری کے مطابق صحرا میں رات کے وقت نیٹ ہائپو تھرمیا کا شکار ہو سکتے تھے۔

تاریخ اشاعت : اتوار 13 جنوری 2019

Share On Whatsapp