Google pays homage to Mehdi Hassan on 91st birthday with doodle

گوگل کا مہدی حسن کو اُن کی 91 ویں سالگرہ پر خراج عقیدت

گوگل مختلف خصوصی  مواقعوں پر  اپنے صفحہ اول پرخصوصی لوگو لگاتا ہے۔ ان لوگوز کو ”ڈوڈلز“ (doodles) کہا جاتا ہے۔ مشہور زمانہ غزل گائیک مہدی حسن کو اُن کی 91 ویں  سالگرہ (18 جولائی)  کے موقع پر گوگل انہیں  اپنے ڈوڈل کے ذریعے خراج عقیدت پیش کر رہا ہے۔
مہدی حسن 1927ء میں راجستھان کے ایک گاؤں لُونا میں پیدا ہوئے۔ اُن کے والد اور چچا دُھرپد گائیکی کے ماہر تھے۔

مہدی حسن کی ابتدائی تربیت اُن کے والد اور چچا نے گھر پر ہی کی۔ مہدی حسن کے مطابق وہ کلاونت گھرانے کی سولھویں پیڑھی سے تعلق رکھتے تھے۔
قیام پاکستان کے وقت مہدی حسن پاکستان آ گئے اور چیچہ وطنی میں سائیکلوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا۔سائیکل مکینک سے وہ موٹر مکینک اور پھر ٹریکٹر کے مکینک بن گئے ۔ روز گار کے ساتھ ساتھ انہوں نے موسیقی کو فراموش نہیں  کیا بلکہ ساتھ ساتھ اپنا ریاض بھی جاری رکھا۔

ان کے فنی سفر کا آغاز 1952 ء میں ریڈیو پاکستان کے کراچی سٹوڈیو سے ہوا۔مہدی حسن نے اپنےکیرئیر میں 25 ہزار سے زیادہ فلمی اور غیر فلمی گیت اور غزلیں گائیں۔
مہدی حسن کو بجا طور پر  شہنشاہ غزل  کہا جاتا ہے۔ بھارت کی ممتاز گلوکارہ لتا منگیشکر نے ایک بار مہدی حسن کی گائیگی کو ’بھگوان کی آواز‘ سے منسوب کیا تھا۔ مہدی حسن نے 13 جون 2012 کو کراچی میں وفات پائی۔
گوگل ماضی میں بھی پاکستان کی مختلف شخصیات ، جیسے نصرت فتح علی خان، عبد الستار ایدھی، نور جہاں اور نازیہ حسن ، کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ڈوڈلز بنا چکا ہے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 18 جولائی 2018

Share On Whatsapp