Parents Agree To Fake Their Own Deaths To Help Convict Son That Tried To Have Them Killed

اپنے بیٹے کو گرفتار کرانے کے لیے والدین مرنے کے لیے تیار ہوگئے

روس میں سوچی کے ایک 22 سالہ نوجوان نے حال ہی میں اپنے والدین کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا جو کہ پولیس پر آشکار ہوگیا۔پولیس نے  اس کے والدین کو یقین دلانے کے لیے کہ واقعی ان کا بیٹا انہیں قتل کرنے کے درپے تھا، ایک منصوبہ تیار کیا، جس میں والدین کو مرنے کی اداکاری کرنا پڑی جس کے نتیجے میں بیٹے کے عزائم ان پر پوری طرح واضح ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ایک باپ نے بیٹے کو جائیداد میں سے حصہ نہیں دیا تو  بیٹے نے ماں، باپ اور بہن کو قتل کرنے کے لیے قاتل ہائر کر لیا۔

پولیس کو اس کے ایک قابل اعتماد دوست سے اس بارے میں پتا چلا تو انہوں نے اپنے ایک خفیہ ایجنٹ کو قاتل کے طور پر اس لڑکے سے ملوایا۔ لڑکے نے اپنے گھر کی تمام تر تفصیلات (جیسے کہ گھر کا نقشہ، حالت، سیکیورٹی کیمرے اور گارڈ کتوں کی تعداد  وغیرہ) اس فرضی قاتل کو بتائیں اور گھر کے ایک فرد کے قتل پر تین ملین روبل (54 ہزار ڈالرز) انعام دینے کا وعدہ کر لیا۔

پولیس نے تمام تر صورتحال اس لڑکے کے ماں باپ کو بتائی ، اُن کو یقین نہیں آیا تھا لیکن پولیس کے کہنے پر رنگے ہاتھوں اپنے بیٹے کو پکڑنے کے لیے وہ مرنے کی اداکاری کرنے پر آمادہ ہوگئے۔ چنانچہ اس لڑکے کے والدین  اور بہن  نے خون آلود میک اپ کر کے اپنی تصویریں بنوائیں جن میں ان کے جسم میں چاقو لگنے سے زخموں سے خون بہتا دکھایا گیا اور گلے کٹے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
جب یہ تصویریں ایک مرسیڈیز میں بیٹھ کر اس خفیہ ایجنٹ نے ان کے بیٹے کو دکھائیں تو  وہ اپنی "مردہ فیملی" کو دیکھ کر بہت خوش ہوا اور جلد ہی اسے اپنی وراثت ملنے کے بعد قاتل  کو انعام کی ادائیگی کا وعدہ کیا۔ لیکن وہ نہیں جانتا تھا کہ یہ ایک چال تھی۔ پولیس نے فوراً ہی کار کے گرد گھیرا ڈال کر اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس لڑکے نے چوتھی بار اپنے والدین کو قتل کرنے کی کوشش کا اعتراف کیا ہے۔
یہ نہایت ہولناک بات تھی کہ بیٹا اس سے پہلے بھی والدین کو مارنے کی تین کوشش کر چکا تھا۔ وجہ جائیداد کا نہ ملنا ہے۔پہلی بار اس نے خود جان لیوا حملہ کرنا چاہا لیکن والدین اپنے گھر کے باہر اندھیرے میں کسی شخص کی موجودگی پر جاگ گئے تھے ۔ دوسری بار اس نے  گھر والوں  کی چائے میں نیند کی گولیاں ڈال کر انہیں مارنے کی کوشش کی لیکن اس کے والد کو چائے کا ذائقہ ٹھیک نہ لگا تو انہوں نے چائے کو ضائع کر دیا۔ تیسری بار اس نے ان کی کار میں مرکری تھرمامیٹر توڑ کر اس کے زہر سے انہیں مارنے کا منصوبہ بنایا لیکن وہ منصوبہ بھی ناکام ہوگیا۔ جس کی وجہ سے اسے چوتھی بار ایک قاتل تلاش کرنا پڑا۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 2 مارچ 2018

Share On Whatsapp